کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اگلے ماہ آسٹریلیا میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے 4 نومبر، دوسرا 8 نومبر جبکہ تیسرا ون ڈے 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اسی طرح پہلا ٹی20 میچ 14 نومبر، دوسرا ٹی20 میچ 16 نومبر اور تیسرا ٹی20 میچ 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز، آسٹریلیا کا اسکواڈ کا اعلان
آسٹریلوی ٹیم کے ٹی20 اسکواڈ میں شین ایبٹ، زیویئر بارلیٹ، کوپر کنولی، ٹم ڈیوڈ، نیتھن ایلس، جیک فریزر مکگرک، ایرون ہارڈی، جوش انگلس، اسپینسر جانسن، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زمپا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا اور زمبابوے کے دوروں کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ بعدازاں، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کے کپتان کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق، مایہ ناز بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان وائٹ بال اور ٹی20 ٹیم کے کپتان ہوں گے اور سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان
ٹی20 اسکواڈ برائے آسٹریلیا
عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان۔