کسان کارڈ کا اجرا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک ہزار ٹریکٹر دینے کا بھی اعلان

پیر 28 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسان کارڈ کا اجرا کردیا، انہوں نے کاشت کاروں میں کسان کارڈ تقسیم کیے اور کہا کہ ہم ایسی پالیسی بنانے جا رہے ہیں جس سے کسان کو فائدہ پہنچے اور درمیان سے آڑھتی کا کردار ختم ہوجائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حافظ آباد میں کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے گندم نہ خریدنے پر بہت لوگوں نے تنقید کی، جبکہ کسانوں سے حکومت نہیں بلکہ آڑھتی گندم خریدتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے دن رات کوشش کررہے ہیں، کسان کارڈ کے اجرا پر سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ کسان کارڈ کے ذریعے ہم براہ راست کسان تک پہنچ رہے ہیں، درمیان میں کوئی آڑھتی اور کوئی بلیک میلر نہیں ہوگا، میرا مقصد تھا کہ کسانوں کو ان کا پورا حق ملے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی جانب سے خواتین میں ملازمت کے لیٹرز کی تقسیم

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ کارڈ نواز شریف کو تقسیم کرنے تھے وہ کسی کام سے باہر ملک گئے ہیں اس لیے ان کی جگہ اب میں یہ کارڈ تقسیم کررہی ہوں۔ ہم نے گندم نہیں خریدی تو ہمیں اپنوں اور غیروں سے باتیں سننی پڑیں، آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا، ہمیں ایسی پالیسی بنانی ہے کہ کسانوں کا نقصان نہ ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اسکیم کا افتتاح ہونے والا ہے جلد اس کی بیلٹنگ ہوگی، اس کی 15لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ایک ٹریکٹر 40 لاکھ کا ہے جس پر 10 لاکھ روپے تک حکومت سبسڈی دے گی۔ 10 تا 15ارب روپے سے ایسا پروگرام لانے والے ہیں جس میں ہر تحصیل میں ایسا سیٹ اپ لگایا جائے گا کہ کسان انتہائی کم قیمت پر وہ مشینری حاصل کرکے اپنا کام کرسکے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی ڈیزل اور پیٹرول سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولرائزڈ کرنے جارہے ہیں، پہلے مرحلے میں 7ہزار کو سولرائزڈ کریں گے تاکہ بجلی کا بل کم ہوسکے۔ ہمیں کسانوں اور غریبوں کا خیال کرنا ہے، کسانوں کو اب کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا۔ کسانوں کی بہتری کے لیے دن رات محنت کررہی ہوں۔ نوازشریف کی حکومت کی وجہ سے مہنگائی آج نیچے آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ‘، وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپلائی کرنے والوں کو خوشخبری سنادی

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں لیکن عوام کی خدمت کرنا جانتے ہیں۔ 5سالوں میں نالائقوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، سیاسی نعروں سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے۔ آج معیشت ترقی کررہی ہے۔ عوام جانتی ہے جب بھی ملک ترقی کرتا ہے وہ نوازشریف کا دور ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جلاؤ گھیرائو والوں کی سیاست ختم ہورہی ہے، پنجاب کو بدلتا ہوا دیکھ رہی ہوں، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست دم توڑ چکی ہے، آپ ہم پر یقین کریں آپ کا بھروسہ نہیں توڑیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp