پاکستان کی جانب سے لبنان اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے کراچی اور اسلام آباد سے امدادی سامان کی مزید کھیپ روانہ کردی گئی۔
امدادی سامان کی 17ویں کھیپ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ کی گئی، جہاز 17 ٹن امدادی سامان لے کر بیروت پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں صاحب ثروت افراد ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان میں بڑھ چڑھ کر عطیات جمع کروائیں، وزیراعظم
لبنان کے لیے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ادویات، تیار کھانا، چاول، خیمے، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں۔
سامان روانگی تقریب میں ایم این اے ڈاکٹر فاروق ستار، این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان موجود تھے۔
دوسری جانب لبنان و غزہ کے لیے 18ویں امدادی کھیپ بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کردی گئی ہے۔
یہ جہاز سردیوں سے بچاؤ کے لیے خیموں اور کمبلوں پر مشتمل 95 ٹن امدادی سامان لے کر بیروت پہنچے گا۔
سامان روانگی کی تقریب میں ایم این اے انجم عقیل خان، لبنانی سفیر سمیت این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندگان موجود تھے
لبنان کے لیے یہ چھٹی امدادی کھیپ روانہ کی گئی جبکہ اس سے قبل فلسطین کے لیے 12 امدای کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں۔
این ڈی ایم اے لبنان اور غزہ کے لیے مجموعی طور پر ایک ہزار 705 ٹن امدادی سامان بھجوا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں غزہ کو آج نہیں بچایا تو کل شام لبنان اور مصر بھی نشانہ بنیں گے، سراج الحق
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں تک اپنی عطیات پہنچانے کے لیے غزہ اور لبنان کے لیے وزیراعظم ریلیف فنڈمیں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔