انمول بلوچ ڈرامہ سائن کرنے سے پہلے کن باتوں کا خیال رکھتی ہیں؟

بدھ 30 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی خوبرو اداکارہ اور ماڈل انمول بلوچ کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے ایک گاؤں سے ہے تاہم انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ کراچی میں ہی گزارا ہے اور تعلیم بھی وہیں سے حاصل کی ہے۔ انمول بلوچ نے اداکاری کی کوئی باقائدہ تربیت حاصل نہیں کی اور نہ کبھی اسکول یا کالج کے ڈراموں میں حصہ لیا۔

گھر میں چھوٹی ہونے کے ناتے کتنے لاڈ اٹھائے جاتے ہیں؟

انمول بلوچ کا کہنا ہے کہ گھر والوں سے اپنی بات منوانا ان کے لیے کبھی بھی آسان نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ گھر کی مرغی دال برابر والا حساب ہے اور میں چھوٹی ہونے کے باوجود جائز بات بھی ضد کر کر کے بڑی مشکل سے ہی منوا پاتی ہوں۔

اسکرپٹ سلیکشن کیسے کرتی ہیں؟

انمول بلوچ نے سنہ 2016 سے اب تک متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’جب بھی کوئی ڈرامہ آفر ہوتا ہے تو سب سے پہلے اس کا اسکرپٹ پڑھتی ہوں، پوائنٹس دیکھتی ہوں، اس کے اندر کا میسج دیکھنے کے بعد ڈائریکٹرز سے بات کرتی ہوں اور پھر اپنے مینیجرز کے مشورے سے سائن کرتی ہوں‘۔

’قربتیں میں بھی کردار میں ڈھل کر کام کیا‘

انمول بلوچ نے کہا کہ میں ہمیشہ کردار میں ڈھل کر کام کرتی ہوں اور ڈرامہ قربتیں میں بھی ڈائریکٹر نے جیسا کہا میں نے ویسا ہی کیا لیکن اگر کسی سین میں مجھے لگے کہ اس کو کسی اور طریقے سے بھی کر سکتے ہیں یا اس میں کچھ تغیرہونا چاہیے تو ڈائریکٹر اور ساتھی ایکٹرز سے براہ راست بات کرلیتی ہوں۔

ساتھی اداکاروں کے ساتھ کام کرتے وقت کس بات کا خیال رکھنا چاہیے؟

انہوں نے کہا کہ کسی ایکٹر کو ساتھی اداکاروں کے ساتھ کام کرتے وقت عدم تحفظ کا شکار نہیں ہونا چاہیے خواہ وہ اداکار کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: انمول بلوچ کن معروف اداکاروں کیساتھ اسکرین شیئرنگ کی خواہشمند ہیں؟

انمول بلوچ نے کہا کہ میرے خیال میں اپنے کام سے کام رکھیں اور کسی کے لیےغلط نہ سوچیں تو آپ کے ساتھ سب ٹھیک ہوتا ہے۔

منفی اور مثبت میں سے کونسا کردار چیلنجنگ؟

انہوں نے کہا کہ جب کوئی بھی آرٹسٹ ایک پروجیکٹ سے دوسرے میں جاتا ہے تو یہ اس کے لیے چیلنجنگ ہوتا ہے کیونکہ وہ ایک کیریکٹر میں جی کر دوسری زندگی جینے جا رہا ہوتا ہے۔

اپنا تجربہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لیے بھی ویسا ہی معاملہ تھا جب میں نے ڈرامہ ’شدت‘ کیا تو مجھے لگا کچھ وقت دینا چاہیے اور بریک لینا چاہیے کیونکہ مجھے نہیں لگتا تھا کہ اگلے ڈرامے کے کردار کے لیے میں بہت بہتر کرپاؤں گی اس لیے میں نے کچھ وقت کا بریک لیا۔

اداکارہ نے کہا کہ میرے لیے حالیہ ڈرامہ ’اقتدار‘ بھی کرنا بہت مشکل تھا کیونکہ اس کی بھی بہت لیئرز ہیں، بہت فیز ہیں اور منفی کردار بھی۔

مزید پڑھیے: کراچی پریس کلب کے ویٹر محمد عامر کی جادوئی آواز کی دھوم

انہوں نے کہا کہ ’جب میں یہ ڈرامہ سائن کر رہی تھی تو میرے لیے یہ بہت چیلنجنگ تھا لیکن شروع میں سب مشکل ہوتا ہے اور پھر آہستہ آہستہ کردار میں ڈھلنا آسان ہو جاتا ہے‘۔

نجی زندگی میں غصے کو کیسے کنٹرول کرتی ہیں؟

انمول بلوچ نے کہتی ہیں کہ مجھے حقیقی زندگی میں اتنا غصہ نہیں آتا  لیکن پھر بھی ہر بات کی ایک حد ہوتی ہے اگر وہ حد عبور ہو جائے یا تمام آپشنز ختم ہوجائیں تو پھر غصہ آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کوشش کرتی ہیں کہ کم غصہ کریں کیونکہ یہ صحت کے لیے اچھا نہیں ہے اور پھر جو چیز پیار سے ہو سکتی ہے وہ غصے سے کیوں کریں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر میں غصہ کر بھی لیتی ہوں تو مجھے فورا احساس ہوجاتا ہے اور خود جا کر معافی بھی مانگ لیتی ہوں۔

کھانے میں کیا پسند ہے؟

انہوں نے کہا کہ وہ کھانے کی بہت شوقین ہیں اور خصوصاً گھر کا کھانا انہیں زیادہ پسند ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں گھر کا پکا سب کچھ ہی پسند ہے خواہ وہ دال چاول ہوں یا بریانی سب کچھ انہیں بہت اچھا لگتا ہے۔

جلد اور بالوں کا خیال کس طرح رکھتی ہیں؟

اپنی جلد اور بالوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں انمول بلوچ نے کہا کہ ’میں کوشش کرتی ہوں کہ جلد یا بالوں کے ساتھ زیادہ کچھ نہ کروں، چاہے وہ میک اپ ہو یا بالوں کی اسٹائلنگ‘۔

مزید پڑھیں: مزاحیہ فنکار سہیل احمد پاکستان لٹریچر فیسٹیول کوئٹہ کی بابت کیا کہتے ہیں؟

انہوں نے بتایا کہ جب وہ شوٹ نہیں کر رہی ہوتیں تو ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بالوں اور جلد کو بچا کر رکھیں لہٰذا ہر پروجیکٹ کے بعد وہ کم سے کم ایک سے 2 ہفتے کا بریک لیتی ہیں اور اس دوران اپنی جلد اور بالوں کو سانس لینے کے لیے بالکل آزاد چھوڑ دیتی ہیں۔

خود کو کمزور سمجھنے والی خواتین کے لیے مشورہ؟

انمول بلوچ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ خود کو کمزور سمجھتی ہیں تو پھر کوئی آپ کو یہ احساس نہیں دلوا سکتا کہ آپ ایک مضبوط شخصیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ مرد ہوں یا عورت، میرا یقین ہے آپ کو اللہ تعالی نے بہت طاقتور بنایا ہے اور اپنی مشکلات سے لڑنے کے لیے اللہ تعالی نے ایک انسان میں بڑی ہمت رکھی ہوئی ہے سو اپنی اس طاقت کو پہچانیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ خود کو یہ بات باور کروادیں گی کہ بے شک میں عورت ہوں لیکن میں کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوں اور اپنے لیے اسٹینڈ لے سکتی ہوں تو پھر آپ دیکھیں گی کہ آپ کے ارد گرد کے لوگ چاہے وہ مرد ہوں یا عورت بخوبی سمجھ جائیں گے کہ آپ ایک مضبوط شخصیت کی حامل ہیں لہٰذا آپ کے ساتھ کچھ غلط کرنا ممکن نہیں ہے۔

انمول مداحوں سے کیا چاہتی ہیں؟

انمول بلوچ نے کہا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ شائقین اسی طرح ہمارے ڈراموں کو دیکھتے رہیں، ہم بہت محنت سے کام کرتے ہیں اور بڑی خوشی ہوتی ہے جب مداحوں سے اتنا پیار ملتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ندا یاسر، فہد مصطفی کو اپنے ’شو‘ میں کیوں نہیں بلاتیں؟

انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ملک انڈیا اور ترکی سمیت دیگر ملکوں سے بھی پاکستانی اداکاروں کو پیار ملتا ہے اور لوگ ہمارے ہاں کے ڈرامے بیحد پسند کرتے ہیں جو ہمیں بہت اچھا لگتا ہے۔

اداکار، جگہ، فلم؟

انمول بلوچ نے کہا کہ انہیں اداکاروں میں شاہ رخ خان پسند ہیں جبکہ فلموں میں انہیں دیوداس سب سے زیادہ اچھی لگتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گھومنے پھرنے کے لحاظ سے انہیں پہاڑی علاقے بہت پسند ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کھانے ان کو گھر کے بنے ہوئے ہی زیادہ اچھے لگتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp