پاکستان نے چینی سفیر کے بیان کو حیران کن اور سفارتی روایات کے برعکس قرار دیدیا

جمعرات 31 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے چینی سفیر کے بیان کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیانگ زیدونگ کا بیاندونوں ممالک کی سفارتی روایات کی عکاسی نہیں کرتا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد گروہوں کے خلاف عملی اقدامات کرے، چینی سفیر

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین کے تحفظات سے پوری طرح آگاہ ہے، پاکستان میں چین کے باشندوں کے خلاف بد قسمت واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے اور چینی باشندوں، چین کے پاکستان میں جاری منصوبوں اور کمپنیوں کے تحفظ کا بھرپور عزم کیے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ چین میں پاکستان کے سفیر جیانگ زیدونگ نے صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ ملاقات کے دوران اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) کے زیر اہتمام ’چائنا ایٹ 75: اے جرنی آف پروگریس، ٹرانسفارمیشن اینڈ لیڈرشپ ‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین دہشت گردانہ حملوں میں ملوث گروہوں کے خلاف عملی اقدامات دیکھنا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں:دورہ پاکستان کے ذریعے دونوں ممالک میں وسیع اور گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں، چینی وزیراعظم

جیانگ زیدونگ نے صحافیوں کے گروپ سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ’ پاکستان چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ’چینی باشندوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ وہ ملک کی ترقی میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آتے ہیں‘۔

چینی سفیر نے یہ بھی کہا تھا کہ چینی باشندے بے گناہ ہیں اور وہ اس طرح کی قربانی کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے اہل خانہ بھی اس طرح کے سانحے کے مستحق نہیں ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح

چینی سفیر نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گی اور چینی اہلکاروں کی سلامتی، منصوبوں اور چینی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

جمعرات کو دفتر خارجہ کی ترجمان نے چینی سفیر کے تحفظات کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر کہا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے ساتھ چند بدقسمت واقعات پیش آئے، پاکستان نے چین کو ان واقعات کی تحقیقات کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں:کراچی میں چینی باشندوں پر حملہ، خودکش بمبار سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے دوران وزیراعظم پاکستان بھی اپنے چینی ہم منصب کو چینی باشندوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرا چکے ہیں اس کے باوجود چینی سفیر کا بیان پاکستان کے لیے حیران کن ہے،یہ بیان پاک چین سفارتی روایات کی عکاسی بھی نہیں کرتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp