پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عدالت و استغاثہ دونوں ہی عمران خان اور ان کی اہلیہ کو جلد سے جلد سزا سنانے کے لیے رات دن کارروائیاں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیب ترامیم بحال ہونے سے توشہ خانہ 2، القادر ٹرسٹ کیس ختم سمجھیں، بیرسٹر گوہر
انہوں نے کہا کہ ہر روز سماعت کی جاتی ہے اور خواہ عمران خان ہوں، بشریٰ بی بی ہوں یا ہمارا کوئی اور فرد اس کے مقدمات کو لٹکایا جاتا ہے اور ضماتیں منسوخ کرواکر کئی کئی مہینے انتظار کروایا جاتا ہے۔
نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا کہ جہاں آپ کو ٹرائل نمٹانے کی جلدی ہے وہیں ضمانت والے معاملات بھی جلد ہی نمٹانے جانے چاہییں لیکن ایسا نہیں کیا جا رہا کیوں کہ یہاں جنگل کا قانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں جو سماعت ہوئی اس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی اور اب اگلی پیشی پیر کو رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیے: عمران خان اس وقت 4کیسز کے اندر گرفتار ہیں، وکیل نعیم حیدر پنجوتھا
دوسری جانب ہم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بریت کی درخواست دی ہے تو عدالت کو چاہیے کہ وہ فی الفور فیصلہ دیتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بری کردے لیکن وہاں فیصلہ نہیں دیا جا رہا جبکہ ماتحت عدالتوں میں ٹرئلز تیزی سے جاری ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کو تو ضمانت مل گئی ہے اب عمران خان کے لیے داخل کی گئی درخواست پر پیر کو سماعت ہوگی۔
اڈیالہ جیل سماعت ملتوی ،ڈے ٹو ڈے سماعت چل رہی ،پراسیکیوشن اور عدالت دونوں اس بات پر لگے ہوۓ ہیں کہ جلد سزا دی جاۓ ،
ایک طرف بریت کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہو رہا دوسری طرف سپیڈیں لگی ہوئی،توشہ خانہ میں آج درخواست پر اعتراضات دور ہو گئے اب سماعت سوموار کو ہوگی ،
انتظار بھائی کے… pic.twitter.com/ykHui6wDNF
— Naeem Haider Panjutha (@NaeemPanjuthaa) November 1, 2024
انہوں نے بتایا کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کے بڑے بھائی اور وکیل پی ٹی آئی انتظار حسین پنجوتھہ کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی لیکن وہاں بھی معاملہ التوا کا ہی شکار ہے تاہم آج اٹارنی جنرل پیش ہوئے اور انہوں نے 24 گھنٹوں میں بازیابی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے کیوں کہ 24 دنوں سے انتظار حسین پنجوتھہ کا کچھ پتا نہیں اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ ہوسکا ہے اور عدالت اور استغاثہ سب کو ہی پتا ہے لیکن کوئی نہیں بتارہا نہ کوئی تسلیم کر رہا ہے کہ انہیں کس نے غائب کیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ غائب، ساتھی وکیل فیصل حسین کیا کہتے ہیں؟
نعیم حیدر پنجوتھہ نے بتایا کہ انہوں نے آج اسلام آباد ہائیکورٹ سے خود اپنے لیے حفاظتی ضمانت بھی لی ہے اور عدالت نے حکم دیا ہے کہ انہیں کسی بھی غیرمعلوم مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے اور ان کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل بھی حکومت سےمانگ لی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس کے علاوہ پشاور ہائیکورٹ سے بھی 6 معاملات میں حفاظتی ضمانت لی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی ضمانتیں ہوچکی ہیں اور وہ گاہے بہ گاہے اڈیالہ جیل سے رہا ہورہے ہیں۔