کوئٹہ: قندھاری بازار میں بم دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 18 زخمی

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں شارع اقبال، فیصل سینٹر کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچی جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا کوآرڈینیٹر محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق جاں بحق 4 افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے تاہم جاں بحق افراد کی شناخت میثم عباسی، محمد شعیب، حکمت اللہ اور کلثوم دختر حمیداللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دھماکے کے زخمی سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیرِ علاج ہیں۔

وزیرِاعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے اور شہر کی سیکیورٹی اقدامات پر آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیرِاعلی بلوچستان نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں اور دہشتگردی میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی اور شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائیں گے۔

ایس ایس پی آپریشنز زوہیب محسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 2 پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کے ملبے سے لگ رہا ہے دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا تاہم دھماکے کی جگہ کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بلوچ لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

 دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے )نے ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ۔

بلوچ لبریشن آرمی نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سرمچاروں نے ہی پیر کے روز کوئٹہ میں ایس پی کی گاڑی کو آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بنایا ۔

دریں اثناء سریاب روڈ سے ملحقہ منیر احمد روڈ پر پولیس موبائل وین پر بھی دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق پولیس پر فائرنگ اور بم دھماکوں کے بعد سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ چیکنگ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردی کی کارروائیوں میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

اتوار کے روزکوئٹہ کے علاقے کچلاک میں کلی اسپن کے قریب نامعلوم شر پسندوں نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس سے 2 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp