العلا: سعودی عرب کا ایک تاریخی شہر اور ثقافتی ورثہ

ہفتہ 2 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

العلا سعودی عرب کے ریجن مدینہ منورہ میں واقع ایک قدیم شہر ہے جو اپنی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ العلا کو سعودی عرب کا پہلا عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا ہے اور یہ شہر یونیسکو کے عالمی ورثہ کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ اس شہر کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کے آثار قدیمہ اور پتھروں پر کندہ نقوش وقت کے ساتھ ساتھ قدیم تہذیبوں کی داستانیں سناتے ہیں۔

صخرۃ الفیل

ہاتھی کی شکل کی یہ بڑا پتھر العلا کے سب سے مشہور قدرتی مقامات میں سے ایک ہے۔ اس کی اونچائی قریباً 52 میٹر ہے اور اس کی مخصوص ہاتھی جیسی شکل کی وجہ سے اسے خاص شہرت حاصل ہے۔

قدیم شہر

العُلا کا قدیم شہر تجارتی راستوں کے قریب ہونے کی وجہ سے ایک اہم مقام رہا ہے۔ یہ شہر قدیم تجارتی قافلوں کی منزل تھا جہاں تاجر اپنے سفر کے دوران آرام کرتے تھے۔ قدیم شہر کی عمارتیں اور گلیاں قدیم تعمیراتی طرز اور فن تعمیر کی عکاسی کرتی ہیں۔

الفرید پیلس

الفرید پیلس العلا کے سب سے منفرد آثار قدیمہ میں سے ایک ہے۔ یہ ایک عظیم الشان محل ہے جس میں نبطی طرز کی نقش کاری کی گئی ہے۔ یہ محل اپنی خوبصورت اور منفرد تعمیرات کی وجہ سے سیاحوں کی خاص توجہ کا مرکز ہے۔

العلا کی تاریخ اور اس کی اہمیت

العلا کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے اور اس شہر کو زمانہ قدیم سے ہی ایک اہم مقام حاصل رہا ہے۔ العلا کا نام اس کے پانی کے چشموں کی وجہ سے پڑا، جو یہاں کی آبادی کے لیے ایک اہم ذریعہ تھے۔

اسلامی تاریخ سے پہلے بھی یہ علاقہ ایک تہذیبی اور ثقافتی مرکز تھا اور اسلام کے بعد بھی اس کی اہمیت برقرار رہی۔ یہاں پر نبطی تہذیب کے اثرات واضح نظر آتے ہیں، جو قریباً 100 قبل از مسیح میں عروج پر تھی۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب کی وادی لجب: قدرت کا حیرت انگیز شاہکار

آبادی اور سیاحت

العلا شہر کی کل آبادی 60,103 نفوس پر مشتمل ہے۔ حالیہ برسوں میں اس شہر میں سیاحت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نے العلا میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خاص سرمایہ کاری کی ہے اور اس کے ثقافتی ورثہ کو محفوظ کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ یہاں کی بہترین انفراسٹرکچر اور ہوٹلوں نے سیاحوں کے لیے رہائش کو آسان بنا دیا ہے۔

العلا میں سیاحت کا فروغ

العلا کے موسم کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں رات کے وقت موسم نسبتا ٹھنڈا ہوتا ہے جو سیاحوں کو رات کے وقت یہاں کے آسمان میں ستاروں کی جھر مٹ کا نظارہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سیاحت کا بہترین وقت سردیوں اور بہار کا موسم ہوتا ہے، جب موسم معتدل اور خوشگوار ہوتا ہے اور سیاح قدرتی مناظر کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔

العلا شہر نہ صرف ایک تاریخی شہر ہے بلکہ یہ ایک ثقافتی ورثہ اور قدیم تہذیب کی داستانوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ اس شہر کی سرزمین پر قدیم تہذیبوں کے نشانات، خوبصورت مناظر اور مختلف آثار قدیمہ سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور اس عظیم ورثہ کو خود دیکھیں۔ العُلا کی سیر نہ صرف ایک سیاحتی تجربہ ہے بلکہ یہ ایک تاریخ کا سفر بھی ہے جو لوگوں کو ماضی کی خوبصورت داستانوں سے روشناس کراتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp