پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی دوبارہ پشاور پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی اہلیہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں ایف آئی اے نے توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں بشریٰ بی بی کے تمام انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔
بشریٰ بی بی 3 روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہدایت پر لاہور گئی تھیں، جبکہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں اپنے شوہر سے ملاقات بھی کی۔
دوسری جانب توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کے لیے ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے جج نے چیمبر میں ضمانت دی۔ سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ کا کیس یہ ہے کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر سابق پی ٹی آئی کے ساتھ ملوث ہیں۔ ہائیکورٹ نے ضمانت دیتے ہوئے یہ مدنظر نہیں رکھا کہ استغاثہ کے پاس یہ شواہد ہیں کہ بلغاری جیولری سیٹ کو توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا
یاد رہے کہ 23 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 10، 10 لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔