پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے قیادت کے بغیر احتجاج کے لیے نہ نکلنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو بیوقوف قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں عمران خان کے نام پر لوگوں نے ہمیں ووٹ دیے، لیکن جب بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی جاتی تو کہا جاتا ہے کہ پہلے قیادت نکلے گی تو پھر ہم نکلیں گے، ایسا کہنے والے بیوقوف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی 3 لاکھ لوگ مجھے ڈی چوک پر دے، اسٹیبلشمنٹ خود مذاکرات کرے گی، شیر افضل مروت
انہوں نے کہاکہ جو لوگ ہمیں مشورے دیتے ہیں وہ 9 نومبر کو صوابی میں تشریف لائیں، وہاں ساری قیادت موجود ہوگی اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ پشاور میں 8 نومبر کو ہونے والے جلسے کا وقت اور جگہ تبدیل ہوئی ہے، اب 9 نومبر کو صوابی میں اجتماع ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، صوابی اجتماع میں فیصلے ہوں کہ کب کیا اور کہاں کرنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم سے قبل اراکین پارلیمنٹ کو کہا گیا تھا کہ آپ روپوش رہیں، اس لیے اکتوبر میں ہونے والے احتجاج میں کوئی سامنے نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں شیر افضل مروت نے احتجاجی تحریک میں سرگرم نہ رہنے کی وجہ بتادی
انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان پر جعلی مقدمات کا خاتمہ کیا جائے، جب بڑی تعداد میں لوگ باہر نکل آئیں تو حکومتیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔