بابر، شاہین اور نسیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ڈراپ کیوں کیا گیا؟ سلمان علی آغا نے بتادیا

ہفتہ 2 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سابق کپتان بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کرنے کی وجہ بتا دی۔

میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تینوں کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا تھا تاکہ وہ تازہ دم ہوسکیں، ڈراپ کرنے کی بات درست نہیں۔

یہ بھی پڑھیں کرکٹر ساجد خان کا وہ راز جو صرف محمد رضوان جانتے ہیں

انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے، چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ابھی ہمارے پاس وقت موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف جو حکمت عملی ترتیب دی ہے اس پر عمل کریں گے، پلیئنگ الیون کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

سلمان آغا نے کہاکہ ہم سادہ اور پرسکون انداز میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، تقریباً ایک سال بعد ہم ایک روزہ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

نائب کپتان نے کہاکہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، بابر اعظم کپتان نہ ہونے کے باوجود ٹیم کی رہنمائی ضرور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے فاسٹ بولرز ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں، جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں بابر اعظم کے حق میں بیان دینا فخر زمان کو مہنگا پڑگیا

سلمان علی آغا نے مزید کہاکہ ہماری کٹ کا رنگ بدلا ہے مگر بیٹ اور بال وہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp