لندن میں قاضی فائز عیسیٰ پر حملہ، وزارت خارجہ کی ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کی ہدایت

اتوار 3 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کو برطانیہ میں ہراساں کرنے کے معاملے پر وزارت خارجہ پاکستان نے لندن ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کا شدید احتجاج، گو قاضی گو کے نعرے

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لندن ہائی کمیشن ملزمان کو قرارواقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کرےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔

قاضی فائز عیسیٰ کے تقریب سے باہر نکلتے ہی پی ٹی آئی کارکنان نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا، اور مکے برسائے۔ جبکہ احتجاج کرنے والے شرکا سے ذلفی بخاری، ملیکہ بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے خطاب کیا تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سابق چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کے پاسپورٹ بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

محسن نقوی نے واقعہ کے بعد نادرا کو احکامات جاری کیے تھے کہ حملہ آوروں کی فوری شناخت یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر داخلہ نے لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ آوروں کی شہریت منسوخی کا حکم دیدیا

وزیر داخلہ نے کہاکہ جن لوگوں نے قاضی فائز عیسیٰ پر حملہ کیا ان کی شہریت منسوخ کرنے کی کارروائی شروع کریں گے، اور یہ کیس وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp