وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 9 نومبر کو صوابی میں جلسہ کرے گی جس میں ایک قرارداد منظور کی جائے گی اور پھر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور اس بار ہم ایک ہی دفعہ نکلیں گے۔
پشاور میں سرکاری اسکولوں کی گریجویشن تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس 2 ہیلی کاپٹرز ہیں، ہم پی آئی اے کو خریدنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے اور اگر اس میں کامیاب رہے تو ایئرلائن کا نام پی آئی اے ہی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، شیریف فیملی پی آئی اے کو اونے ہونے دام خود خریدنا چاہتی ہے، خیبر پختونخوا کا بجٹ سرپلس ہے، ہمارا ریونیو 100 فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے ساتھ رویہ ناقابل برداشت، اب احتجاج کی کال فائنل ہوگی، علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کی وجہ پی ڈی ایم حکومت ہے، ہمارے وقت میں امن و امان کی صورتحال بہتر تھی، اب دوبارہ سے پھیلنے والی دہشتگردی سے ہماری فورسز مقابلہ کررہی ہیں، دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مقابلہ جاری رہے گا۔ مریم نواز کی طبیعت سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مریم نواز کو اتنا فالو نہیں کرتا، آپ کو ٹینشن زیادہ ہے تو آپ ان کے لیے دعا کریں۔
قبل ازیں، سرکاری اسکولوں کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام مواقع پیدا کرنا ہے، تعلیم کے متبادل نظام کا مقصد کسی بھی وجہ سے تعلیم سے رہنے والے بچوں کو دوبارہ تعلیم دینا ہے، آج اگر انہیں موقع نہ دیا جاتا تو 40 ہزار بچے تعلیم سے رہ جاتے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ریاست کے خلاف کھڑا ہونا قابلِ فخر عمل ہے؟‘ گنڈاپور تنقید کی زد میں کیوں؟
انہوں نے کہا کہ ریاست کی حیثیت ایک ماں جیسی ہوتی ہے، ہم نے بلڈنگ میں تعلیم دینی ہے، اسپتال نہیں علاج کی سہولت دینی ہے، کرائے کی عمارت میں تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے جارہے ہیں، اس کے علاوہ تعلیم کارڈ بھی شروع کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ضم اضلاع میں تعلیم کا فروغ اولین ترجیح ہے، ایک بہترین ماں ہی ایک بہترین قوم بناتی ہے، کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں یقین ہوتا ہے کہ وہ کامیاب ہوں گے، خود اعتمادی اور محنت کامیابی کی سیڑھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وقاص اکرم نے قیادت کے بغیر احتجاج کے لیے نہ نکلنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو بیوقوف قرار دے دیا
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا کردار تعلیمی نظام میں انتہائی ضروری ہے، والدین کی قدر نہ کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے، ہر بچے کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، تمام سکولوں میں وائٹ بورڈز لگا دئے گئے ہیں اور اب ہزاروں اساتذہ کی تعیناتی کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ اگر لینڈ کروزر میں پھرنے والے لوگوں کے علاقے میں اسکول کے بچے زمین پر بیٹھتے ہیں تو یہ شرم کی بات ہے، ہمیں ہر کام حکومت پر نہیں چھوڑنا چاہیے، ہمیں ہر چیز کو اپنا سمجھنا چاہیے۔