سعودی وزیر اسلامی امور سے چینی سفیر کی ملاقات، اسلامی اقدار اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 4 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور، دعوت وارشاد، شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبدالعزیز آل شیخ نے آج ریاض میں واقع وزارت کے ہیڈکوارٹر میں چین کے سفیر چانگ ہوا کا استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوستانہ گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا خاص طور پر باہمی تعاون اور مشترکہ اقدار کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔

وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل شیخ نے اس موقع پر اسلامی اقدار، اعتدال پسندی اور انصاف کے پیغام کو عام کرنے کے لیے وزارت کی جانب سے جاری سرگرمیوں کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے شدت پسندی کے خلاف سعودی عرب کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا، جو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر منعقدہ کانفرنسوں اور دعوتی پروگراموں کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔

چین کے سفیر چانگ ہوا نے سعودی عرب کی ترقیاتی کاوشوں اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت اسلامی خدمات میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے خاص طور پر حج وعمرہ کے دوران چینی زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے مسلمان برادری کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات ایک بہترین مثال ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp