لاہور فضائی آلودگی میں ایک بار پھر سب سے آگے، انتظامیہ نے چنگ چی رکشے بند کردیے

منگل 5 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایئر کوالٹی انڈیکس میں لاہور آج پھر پہلے نمبر پر ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے گرین لاک ڈاؤن علاقوں میں موٹرسائیکلوں کے اسٹینڈ بند کردیے ہیں اور چنگ چی رکشوں پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، شملہ پہاڑی کے ارد گرد کا تمام علاقہ گرین لاک ڈاؤن ایریا قرار دیا گیا ہے جس کے باعث ایجرٹن روڈ پر شاہین کمپلیکس اور نادرا دفتر کے باہر موٹرسائیکل اسٹینڈز ختم کردیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسموگ راج، لاہور آج بھی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر

اس حوالے سے ایس پی ٹریفک منیر ہاشمی کا کہنا ہے کہ ایمپریس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ اور ڈیوس روڈ سے شملہ پہاڑی کی جانب چنگ چی رکشوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گرین ایریاز میں اسموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں اور شہر بھر میں دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی آئی ہے لیکن فضائی آلودگی میں لاہور آج بھی دنیا بھر کے شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔ سیکرٹری تحفظ ماحول پنجاب راجہ جہانگیر نے کہا ہے کہ بھارت سےآلودہ ہوا کا دباؤ لاہورکی جانب موجود ہے لہٰذا شہریوں سے گزارش ہے کہ گھروں کےدروازے اورکھڑکیاں بند رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پہلا نمبر، ایک ہفتے کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ دونوں جانب کے کسانوں سے اپیل ہے کہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، ماسک کا استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائے رکھیں، لاہورمیں ائیرکوالٹی انڈیکس میں اضافے کا رجحان جاری ہے، مشرقی ہوائیں 4 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے لاہور کی طرف چل رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اسموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نےایک ہفتے کے لیے سرکاری اور نجی اسکولوں کے پرائمری طلبہ کوچھٹیاں دے دی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں کو گرین لاک ڈاؤن میں شامل کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp