پاکستان کے مشہور کیوئسٹ محمد آصف نے قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپیئن جیت کر شپ تیسری بار ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
42 سالہ محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپیئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائر انٹری لی، اور کوالیفائر راؤنڈ میں جیت کے بعد مین راؤنڈ اور پھر ناک آؤٹ راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ: اسجد اقبال فائنل میں بھارت کے کمال چاؤلہ سے ہارگئے
محمد آصف کا فائنل میں مقابلہ ایران کے علی غارا گوزلو سے ہوا، انہوں نے بیسٹ آف 9 فریم کے فائنل کا پہلا فریم 25-70 کے اسکور سے جیتا، مخالف کھلاڑی کی دوسرے فریم میں کھیل میں واپسی ہوئی، اور مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔
تیسرے فریم میں محمد آصف نے 08-62 کے اسکور سے کامیابی حاصل کرکے 1-2 سے برتری حاصل کی، اور چوتھے فریم میں 106 کا کلیئرنس بریک کھیل کر اپنے حق میں اسکور 1-3 کردیا۔
پانچویں فریم میں محمد آصف اپنے مدمقابل پر بھاری ثابت ہوئے اور 12 کے مقابلے میں 82 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کرکے اپنی برتری کو مزید اوپر کیا۔
ایرانی کیوئسٹ نے 1-4 کے خسارے کے بعد کچھ مقابلہ کیا اور چھٹے اور ساتویں فریم میں کامیابی حاصل کی، تاہم محمد آصف نے آٹھویں فریم میں 93 کے بریک کے ساتھ جیت اپنے نام کرلی۔
اس سے قبل محمد آصف نے عالمی چیمپیئن شپ میں متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔
اس جیت کے ساتھ ہی محمد آصف اپنے کیریئر کا تیسرا انفرادی اور مجموعی طور پر پانچواں ورلڈ ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، وہ اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی انفرادی ورلڈ چیمپیئن شپ اپنے نام کرچکے ہیں۔
محمد آصف نے 2024 کی چیمپیئن شپ میں کامیابی کے ساتھ ہی بھارت کے پنکج ایڈوانی کا 3 انفرادی ورلڈ ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بھارت کا ویزا دینے سے انکار، پاکستانی اسنوکرز ورلڈ چیمپیئن میں شرکت سے محروم
دوسری جانب پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید کریم اور چیئرمین عالمگیر شیخ نے محمد آصف کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔