سنہ 1947 میں جموں کے مسلمانوں کے ساتھ کیا ہوا؟

بدھ 6 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بدھ کو یوم شہدا جموں منایا گیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور شہدا کے لیے دعایئں مانگی گئیں۔

کشمیری ہرسال 6 نومبر کو یوم شہدا جموں مناتے ہیں کیوں کہ آج ہی کے ہی دن سنہ 1947 میں جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر پر بلاجواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، عطا تارڑ

تاریخ دانوں کا کہنا ہے کہ جموں میں اگست 1947 میں مسلمانوں پر حملے شروع ہوئے جو 6 نومبر تک جاری رہے اس دوران ایک سے 2 لاکھ مسلمانوں کو شہید کیا گیا اور لاکھوں مسلمان بے گھر ہوئے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا کہ 6 نومبر 1947 کے دن مقبوضہ کشمیر کے صوبہ جموں میں ڈوگرہ فوجیوں، ہندو بلوائیوں اور سکھ جتھوں نے مسلمانوں کی بستیوں پر دہشتگردانہ حملوں میں ڈھائی لاکھ کے قریب مسلمانوں کو شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں مسلمانوں کو جبراً گھر بار چھوڑ کر پاکستان کی طرف ہجرت پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 نومبر کے سانحے سے پہلے جموں شہر میں مسلمانوں کی آبادی 61 فیصد تھی جو شہادتوں اور ہجرتوں کے بعد معض 38 فیصد رہ گئی۔

مزید پڑھیے: بھارتی قیادت کے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیانات پر تشویش ہے، پاکستان

پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر نے کہا کہ 6 نومبر کے سانحے میں ہزاروں مسلم خواتین کو ہندو اور سکھ دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا۔

انہوں  نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے ایک منظم سازش کے تحت جموں میں قتلِ عام کیا تھا بھارت کے اسلام اور مسلم دشمن حکمران اسی سازش کے تحت سنہ 1989 کے بعد سوا لاکھ مسلمانوں کو شہید کرچکی ہے مقبوضہ کشمیر میں اب بھی نوجوانوں کا قتل عام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک منظم نسل کشی کرکے بھارت جموں کشمیر کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کے گھناؤنے منصوبوں پر گامزن ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت کا 77 واں یوم آزادی، جموں و کشمیر کے عوام یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

شوکت جاوید میر نے کہا کہ کشمیری عوام اس بات کا عہد کرچکے ہیں کہ جب تک بھارت کا غاصبانہ فوجی قبضہ ختم نہیں ہو جاتا اس وقت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما راجہ فرخ ممتاز نے کہا کہ  بھارت جبرواسبتداد کے ذریعے کشمیری عوام کے حوصلوں کو نہیں توڑ سکتا

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پورے عزم و استقلال کے ساتھ بھارتی سامراجی قبضے کے خلاف میدان عمل میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کے شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور نہ ہی بھارتی فوج کشمیریوں کی آزادی کے جذبے کو کم نہیں کر سکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp