آج ہم آپ کو گارلک یعنی لہسن والے پراٹھے بنانا سکھاتے ہیں، وہ بھی لچھے دار اور کرسپی۔ آپ جانتی ہیں کہ لہسن انسان کو دل کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور خدانخواستہ کوئی امراض قلب میں مبتلا ہوجائے تو اسے صحت بخشتا ہے۔ اس اعتبار سے گارلک پراٹھے نہ صرف صحت افزا ہیں بلکہ ذائقہ دار بھی ہوتے ہیں۔ آپ کے گھر والے ایک بار کھائیں گے تو پھر بار بار تقاضا کریں گے۔
گارلک پراٹھے کیسے بنانے ہیں؟ اس کے اجزائے ترکیبی کیا ہوں گے؟ آئیے! جانتے ہیں:
گارلک پراٹھے ، اجزائے ترکیبی اور بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے 4کپ آٹا لیں، اس میں حسب ذائقہ نمک ڈالیں اور ایک سے ڈیڑھ گلاس نارمل پانی ڈال کر گوندھ لیں۔ آٹا اچھی طرح گوندھیں کہ بہت زیادہ سخت بھی نہ ہو اور بہت زیادہ نرم بھی نہ ہو۔
آٹا گوندھنے کے بعد 15منٹ کے لیے، اسے ہلکے گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھ دیں۔
15 منٹ کے بعد گوندھے ہوئے آٹے میں ایک کھانے کا چمچ کوکنگ آئل ڈالیں اور اسے آٹے میں اچھی طرح مکس کریں، آٹے کو اس وقت تک دوبارہ گوندھیں جب تک آئل اس میں جذب نہ ہو جائے۔ پھر اس آٹے کو 20منٹ تک ہلکے گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھ دیں۔
پھر اس آٹے کے پیڑے بنائیں، آدھا کلو آٹے سے 6 پیڑے بنیں گے۔
اب کاؤنٹر ٹاپ پر تھوڑا سا آئل لگائیں گے، پیڑے کو بیلنے کی مدد سے پتلا کر دیں اور اس کے اوپر گھی لگائیں۔
اس کے اوپر تھوڑا سا خشک آٹا ڈالیں، تھوڑا سا لہسن، ہرا دھنیا اور سبز مرچ، تھوڑی سی پسی ہوئی لال مرچیں ڈالیں۔
اس کے بعد اسے فولڈ کر کے انگلیوں کی مدد سے دوبارہ پیڑہ بنائیں۔
پھر ہاتھوں کی مدد سے اسے پھیلائیں، بیلن کا استعمال نہ کریں۔
توے کو ہلکی آنچ پر گرم کریں جب توا گرم ہو جائے تو بیلے ہوئے پراٹھے کو توے پر رکھیں، اس کے اوپر تھوڑا سا آئل ڈالیں جب ایک طرف سے پراٹھا سرخ ہو جائے تو اسے دوسری طرف سے بھی پکائیں۔
ساتھ ہلکا ہلکا پریس بھی کرتے رہیں، جب آپ دیکھیں کہ پراٹھے کے لچھے بن گئے ہیں تو اسے توے سے اتار یں اور مزے سے کھائیں۔
اس لچھے دار پراٹھے کو کسی بھی سالن یا چائے کے ساتھ کھایا جا سکتا ہے۔