جاپان کا سب سے اونچا پہاڑ فیوجی سال کی پہلی برفباری سے ڈھک گیا ہے۔
جاپان کی بلند ترین چوٹی پر تقریباً ایک ماہ کی تاخیر سے برفباری ہوئی ہے، اب ایک بار پھر فیوجی پہاڑ پر برف آنے سے مقامی لوگ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے، مقامی لوگوں نے جشن منایا اور برف پوش چوٹی کی تصاویر شیئر کیں۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان میں سیاحوں نے پہاڑ فیوجی کی تصاویر بنانے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا
ماؤنٹ فیوجی جاپان کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور اس نے صدیوں کے فن پاروں کو متاثر کیا ہے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز فیوجی پہاڑ نے برف کی سفید چادر اوڑھی، ایک ایکس صارف نے فیوجی پہاڑ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اوہ، میں اس کا انتظار کررہا ہوں۔‘ ایک اور نے لکھا، ‘میں اس سال کی پہلی برفباری کے لیے کبھی اتنا پرجوش نہیں تھا۔‘
سفید چوٹی کا حوالہ دیتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’آخر میں میک اپ آپ کو اور بھی خوبصورت بناتا ہے۔‘
موسمیاتی ایجنسی کے دفتر نے جمعرات کو ماؤنٹ فیوجی کی چوٹی پر برف کی موجودگی کی باضابطہ تصدیق کی، کیوں کہ بدھ کے روز چوٹی کو بادلوں نے گھیر رکھا تھا اس لیے سیاح اس کا صحیح طریقے سے نظارہ نہیں کرسکے تھے۔
یاد رہے کہ ماؤنٹ فیوجی ہر سال اکتوبر کے آغاز سے ہی برف کی چادر اوڑھ لیتا ہے لیکن بدلتے موسم اور بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے رواں سال اکتوبر میں بلند و بالا پہاڑ برف سے محروم رہا اور پہاڑ سے برف مکمل طور پر پگھل گئی تھی۔
سال 2023 میں 5 اکتوبر کو چوٹی پر پہلی برفباری دیکھی گئی تھی، اس سے قبل 2 بار ایسا ہوا کہ اکتوبر کے شروع میں فیوجی پہاڑ پر برف نہیں پڑی، 1955 اور 2016 میں 26 اکتوبر کو فیوجی پہاڑ پر مذکورہ سالوں کی پہلی برفباری ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ہمالیائی پہاڑوں کی قیمتی جڑی بوٹی ’بٹ پیا‘ کے طبی فوائد کیا ہیں؟
رواں سال اکتوبر میں ماؤنٹ فیوجی پر برفباری نہ ہونے کی وجہ سے 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے کہ اس پہاڑ پر اکتوبر میں برفباری نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ ماؤنٹ فیوجی ٹوکیو کے جنوب مغرب میں واقع ہے جس کی اونچائی 3 ہزار 776 میٹر یعنی 12 ہزار 460 فٹ ہے جو جاپان کا سب سے اونچا پہاڑ ہے
رواں سال ستمبر میں فیوجی پہاڑ پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا، جو 1.76 ڈگڑی سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔