جی ایچ کیو حملہ کیس: عدالت کا عمران خان کی حاضری ویڈیو لنک سے لگوانے کا حکم

جمعہ 8 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی حاضری بذریعہ ویڈیو لنک لگوانے کا حکم دیا۔ دوسری جانب اڈیالہ جیل حکام نے عدالتی احکامات موصول ہونے کی تصدیق کردی۔

عدالت نے 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے سے متعلق کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری بذریعہ ویڈیو لنک لگوانے کا حکم دیا، انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان سمیت نامزد ملزمان پر 8نومبر کو فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو انسداد دہشتگردی عدالت کے احکامات موصول ہوگئے ہیں۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

کیس کی سماعت کے دوران وکیل محمد فیصل ملک نے کہا کہ تھانہ آر اے بازار میں درج مقدمے میں کل 125 ملزمان نامزد ہیں، عمران خان سمیت 102 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی جاچکی ہیں۔

وکیل نے کہا کہ وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی سمیت 23 ملزمان کو چالان کی نقول ابھی تک فراہم نہیں گئی۔

تاہم، شیخ رشید، راجہ بشارت، سمابیہ طاہر، کنول شوزب، راشد حفیظ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ: 9 مئی کے شرپسندوں کے سرغنہ کی شناخت ہو گئی

خیال رہے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری بذریعہ ویڈیو لنک کروانے کے احکامات جاری کیے تھے۔ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو عدالت کے احکامات موصول ہوئے، جس کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری ہوگی۔

تاہم، واضح رہے عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کی کارروائی ملتوی کردی۔ ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث فرد جرم عائد کی جانے کی کارروائی ملتوی کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp