اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول: پاکستان میں بچوں کو معیاری تعلیم میسر نہیں، جین میرٹ کا افتتاحی خطاب

جمعہ 8 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تمام شعبے میں تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن یہاں بچوں کو معیاری تعلیم میسر نہیں، برطانیہ پاکستان کے تعلیمی شعبے میں بھرپور معاونت کر رہا ہے۔

جمعہ کو اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول (آئی ایل ایف) کے 10 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ 10 ویں اسلام آباد فیسٹویل کا حصہ بننے پر خوشی ہوئی ہے، پاکستان اور برطانیہ ادب کے حوالے سے بہت ذرخیز ہیں۔

اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول (آئی ایل ایف) کا 10 واں ایڈیشن جمعہ سے اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے جو 10 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس کا انعقاد گندھارا سٹیزن کلب، فاطمہ جناح (ایف نائن) پارک میں کیا جا رہا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) پاکستان اور گیٹز فارما کے اشتراک سے منعقد ہونے والا آئی ایل ایف اس سال اپنی10  سالہ سالگرہ منا رہا ہے جس کا موضوع ’ سسٹینئبلٹی: ورڈز چینج مائنڈ سیٹ‘ ہے۔

یہ میلہ ادب، فنون لطیفہ اور دانشورانہ سوچ کے تبادلے، خیالات اور نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم ہے، جو ادب کے شوقین افراد، مصنفین، اسکالرز اور عام لوگوں کے اظہار رائے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔

جمعہ کو افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ نے مزید کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے، اس دوران 200 سے زیادہ لوگ برطانیہ سے سیریز دیکھنے  پاکستان آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز تو ہارا، اس پر افسوس ہے مگر سیریز کے انعقاد پر خوشی ہوئی ہے، یہاں پاکستان  میں ہمیں بہت محبت ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے بات چیت کا سلسلہ ضروری ہے، بات چیت سے ہی معاملات بہتری کی طرف جاتے ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیم کے لیے برطانیہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر تعاون فراہم کر رہا ہے، پاکستان میں بڑی تعداد میں بچے سکول نہیں جاتے اور جو جاتے ہیں ان کی بڑی تعداد  کو معیاری تعلیم میسر نہیں ہے، پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے لیے ہم صوبائی حکومتوں کےساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی برطانیہ پاکستان کو تعاون فراہم کر رہا ہے، پاکستان کے پاس بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اس ٹیلنٹ کو ابھی تک یہاں پذیرائی نہیں ملی ہے۔

 واضح رہے کہ 10 نومبر تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں 55 سیشنز اور 15 کتابوں کی رونمائی کے ساتھ آئی ایل ایف 2024 میں مباحثوں، ورکشاپس اور ثقافتی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔

’او یو پی‘ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے اسلام لٹریچر فیسٹیول کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول کے 10 ویں ایڈیشن کا جشن منا رہے ہیں تو ہم نہ صرف مکالمے کو فروغ دینے پر غور کر رہے ہیں بلکہ ایک ایسے مستقبل کے منتظر ہیں جہاں الفاظ ہمیں زیادہ پائیدار اور جامع دنیا کی طرف لے جا سکیں۔ آئی ایل ایف بامعنی اظہار رائے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جو روایتی سوچ کو چیلنج کرتا ہے اور نئے خیالات کو جلا بخشتا ہے۔

امسال ’آئی ایل ایف‘ میں دنیا بھر کے نامور مصنفین، شاعروں اور دانشوروں کو مدعو کیا گیا ہے، جو ادب، تاریخ، حالات حاضرہ اور سماجی و سیاسی امور پر پینل مباحثوں میں شریک ہوں گے۔

فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سی ایم جی او بی ای، معروف شاعرہ زہرہ نگاہ، اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی، وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے اسپیشل سیکرٹری محی الدین احمد وانی سمیت دیگر مقررین نےخطاب کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات، اردو شاعر، دانشور اور ادیب افتخار عارف اور ممتاز اسکالر، تخلیقی مصنف، نقاد اور محقق نجیبہ عارف بھی موجود تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایشیا کپ 2025: سپر فور مرحلے کا شیڈول جاری، کون کس کے خلاف کھیلے گا؟

چمن میں دھماکا: 5 افراد جاں بحق، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گئے

گوگل ڈاؤن: دنیا بھر میں جی میل، یوٹیوب، سرچ اور ڈرائیو متاثر

خواتین کے پیٹ کے گرد چربی کیوں بڑھتی ہے؟

ویڈیو

اسلام آباد میں اولمپئین ارشد ندیم کے نام سے شاہراہ منسوب کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شگفتہ انٹرویو

سعودی عرب اور پاکستان کسی بھی جارح کیخلاف ہمیشہ ایک رہیں گے، سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان

کالم / تجزیہ

پاک سعودی دفاعی معاہدہ، لڑائیوں کا خیال بھی شاید اب نہ آئے

سعودی پاکستان دفاعی معاہدے کی عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج

چارلی کرک کا قتل