نیدر لینڈز کےدارالحکومت ایمسٹرڈیم میں جاری یوروپا لیگ کے دوران فلسطینی اور اسرائیلی تماشائیوں کے درمیان تصادم میں متعددافراد زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ، حماس کے حملوں میں 48 گھنٹوں میں 13 اسرائیلی فوجی ہلاک
بین الاقوامی میڈیا نے اسرائیلی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی شہری تل ابیب کے فٹ بال کلب کی حمایت کے لیے ایمسٹرڈیم آئے تھے ۔
ایمسٹر ڈیم میں فلسطینی اور اسرائیلی تماشائیوں کے درمیان جھڑپیں جمعرات کی رات ڈچ کلب ایجیکس کے خلاف میچ کے اختتام پر شروع ہوئیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کے بعد ایمسٹرڈیم میں موجود اسرائیلی شہریوں کو اپنے ہوٹلوں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے جمعہ کو ایمسٹرڈیم آنے والے اسرائیلی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ہوٹلوں میں پناہ لیں اور جن کے لیے ممکن ہے وہ فوری طور پر اسرائیل واپس آ جائیں۔ اسرائیل نے اس کے ساتھ ہی اپنے شہریوں کو نیدر لینڈز سے وطن واپس لانے کے لیے پروازیں بڑھا دی ہیں۔
دریں اثنا اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مستقل مندوب ڈینی ڈینن نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ یوروپا لیگ میں ایمسٹرڈیم میں مقامی کلب ایجیکس اور تل ابیب کے مکابی کلب کے درمیان فٹ بال میچ کے بعد اسرائیلی شائقین پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نیدر لینڈز کی سڑکوں پر اسرائیلیوں اور یہودیوں کے خلاف شدید تشدد کی انتہائی پریشان کن اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ اسرائیل کے وائی نیٹ نیوز آؤٹ لیٹ کے مطابق یہ واقعہ سٹیڈیم کی عمارت کے قریب پیش آیا۔ وائی نیٹ کے مطابق جھڑپوں کے دوران کم از کم پانچ اسرائیلی شائقین کو چاقو مارا گیا اور کچھ کو گزرنے والی کار نے ٹکر مار دی۔