’غیر ملکی سفارتخانوں سے رابطوں کا اعتراف‘، پی ٹی آئی ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائے گی، سلمان اکرم راجا

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو ملک بھر، بالخصوص پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ریاستی تشدد کا سامنا ہے، رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریاں معمول کی بات بن گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں سلمان اکرم راجا کو چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر اور  پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم ہمراہ بیٹھے اجلاس سے خطاب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں ایک فاشسٹ حکومت ہے جس نے پی ٹی آئی کے کارکنان پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے، ان کے کارکنان کو روزانہ کی بنیاد پر  ریاستی جبر کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عدالتوں اور پارلیمنٹ کے بجائے فیصلہ بالآخر سڑکوں پر ہوگا، سلمان اکرم راجا

انہوں نے کہا کہ ہم نے انٹرنیشنل میڈیا اور پاکستان میں موجود غیرملکی سفارتخانوں سے رابطہ کیا ہے،  پاکستان میں نیشنل اسمبلی اور سینیٹ عملاً غیر مؤثر ہوچکے ہیں جب کہ قانون بھی عملاً مدد کرنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے ایم این اے خواجہ شیراز کی غیرقانونی گرفتاری اور گزشتہ دنوں اغوا اور مشکوک انداز میں واپس آنے والے وکیل انتظار حسین پنچوتھا کے حوالے سے بھی بات کی اور  کہا کہ اس بے انصافی پر پی ٹی آئی ہر پلیٹ فارم پر اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:عدالتوں اور پارلیمنٹ کے بجائے فیصلہ بالآخر سڑکوں پر ہوگا، سلمان اکرم راجا

سلمان اکرم راجا نے اپنے خطاب میں انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت دیگر عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور عام پاکستانی کے تحفظ کے لیے، پاکستان میں جمہوریت کی بقا کے لیے وہ آواز اٹھائیں، ہمارا ساتھ دیں تاکہ لوگوں کو فاشسٹ حکومت سے نجات دلائی جاسکے۔

انہوں نے کہا میں آسان اور سادہ الفاظ میں دنیا سے کہتا ہوں کہ وہ پاکستان میں رونما ہونے والی صورتحال کا لازمی نوٹس لے، اور ہماری مدد کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp