بھارت کا چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ، آئی سی سی کو باضابطہ آگاہ کر دیا

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ بھارت نے پاکستان کی نرم پالیسی، کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنے کی خواہش اور بیانات کے باوجود پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی پر ہمارا مؤقف واضح ہے، کسی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہوگی، چیئرمین پی سی بی

ہفتہ کے روزبھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا۔ کرکٹ پر کام کرنے والی عالمی ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو نے رپورٹ جاری کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کا یہ فیصلہ 19 مارچ 2025 میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کی منصوبہ بندی میں ایک اور پیچیدگی پیدا کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک نیا انتظام کرنا ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر ’ہائبرڈ ماڈل‘ شامل ہوگا جس میں ٹیمیں پاکستان میں کچھ میچ کھیلیں گی اور دیگر دوسرے مقام پر کھیلیں گی۔ متحدہ عرب امارات کو پاکستان سے قریب ہونے کی وجہ سے اسے متبادل مقام کے لیے اولین ترجیح سمجھا جا رہا ہے جبکہ سری لنکا پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: بھارت کن شرائط پر پاکستان آنے پر تیار ہوا ؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا پر سامنے والی خبروں کے ردعمل میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی پر ہمارا مؤقف واضح ہے کہ کسی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہو گی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہائبرڈ ماڈل کے خیال کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی اس طرح کے انتظامات کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان نے ماضی میں اہم اقدامات کیے ہیں جن میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ بھی شامل ہے، حالانکہ بھارت نے اس سال کے اوائل میں پاکستان میں ایشیا کپ کے میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ میں بالآخر ہائبرڈ ماڈل پر ہی بات مکمل ہوئی، جس میں بھارت کے میچز سری لنکا میں کھیلے گئے۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے بھارت کے سفر کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ حکومتی ہدایات پر منحصر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان سے باہر انعقاد پر غور جاری ہے، وکرانت گپتا کا دعویٰ

کرک انفو کے مطابق آئی سی سی کو اس ہفتے کے اوائل میں بی سی سی آئی کے مؤقف کا نوٹس ملا تھا، حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ بات چیت رسمی تھی یا زبانی، آئی سی سی پی سی بی کو باضابطہ طور پر مطلع کرنے کے لیے تحریری تصدیق بھی بھیج سکتی ہے۔

محسن نقوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی سی بی کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے اور پاکستانی حکومت کے ساتھ اس پر تبادلہ خیال کرنے سے پہلے بی سی سی آئی کی جانب سے کسی بھی اعتراض کی تحریری طور پر ضرورت ہوگی۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو 4 کے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سیمی فائنل اور ایک فائنل شامل ہے۔ ٹورنامنٹ میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

بھارت نے 2008 کے ایشیا کپ کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا ہے، حالانکہ پاکستان نے آئی سی سی ایونٹس کے لیے حال ہی میں 2023 کے ورلڈ کپ کے علاوہ متعدد بار بھارت کا دورہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp