پاکستانی انجینیئر کا کمال، اب عام پنکھے بھی چارج ہوسکیں گے

اتوار 10 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں بجلی کی آسمان سے چھوتی قیمتوں اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام کا سولر انرجی پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے، لیکن مسئلہ یہ درپیش ہے کہ مارکیٹ میں مختلف کمپنیوں کی اشیا میں اصل اور نقل کی پہچان کیسے کی جائے۔

اس سوال کے جواب کی تلاش کے لیے وی نیوز کی ٹیم نے شیر شاہ کی مشہور کباڑ مارکیٹ کا رخ کیا جہاں ان کی ملاقات بیٹری ساز کمپنی کے مالک احمد رضا مغل سے ہوگئی جو نا صرف بیٹریاں بنا رہے ہیں بلکہ اصل اور نقل کی پہچان بھی بتا رہے ہیں تاکہ عوام کا سرمایہ ضائع ہونے سے بچ سکے۔

یہ بھی پڑھیں سولر پینل کی قیمتوں میں مزید کمی: اب یہ سسٹم لگوانے پر آپ کا کتنا خرچہ ہوگا؟

بیٹری ساز کمپنی کے مالک احمد رضا مغل نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم لگون نامی کمپنی چلا رہے ہیں جو لیتھیم کی بیٹریاں تیار کرتی ہے اور اس وقت ملک بھر سے ان کی تیار کردہ بیٹری کی ڈیمانڈ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بننے والی بیٹریاں ’ری فرنش‘ سیل سے بنتی ہیں جبکہ ہمارے سیل امریکی یا جاپانی ہوتے ہیں اور بالکل نئے ہوتے ہیں۔ ’جو لوگ ’ری فرنش‘ سیل کا استعمال کررہے ہیں وہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں‘۔

’سستی بیٹری کسی کام کی نہیں‘

احمد رضا مغل نے بتایا کہ اس وقت مارکیٹ میں بہت سستی بیٹریاں بھی دستیاب ہیں لیکن جن لوگوں نے وہ خرید لی ہیں اب وہ پریشانی میں مبتلا ہیں کیوں کہ وہ سستی بیٹریاں ’ری فرنش‘ سیل سے بنی ہیں اور جو بنا رہے ہیں انہیں خود نہیں پتا کہ یہ سیل ’ری فرنش‘ ہیں۔

اصل اور نقل کی پہچان کیسے کی جائے؟

احمد رضا نے کہاکہ آپ اگر بیٹریاں بنا رہے ہیں تو آپ کی تحقیق پوری ہونی چاہیے تاکہ آپ لوگوں کو اصل چیز پہنچا سکیں۔

انہوں نے وی نیوز کی ٹیم کو بیٹریوں میں استعمال ہونے والے سیل بھی دکھائے۔ چین سے تیار کردہ ایک سیل دکھاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ استعمال سے پہلے ہی پھول چکا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے امریکا اور جاپان سے آنے والے سیل دکھاتے ہوئے کہا کہ ان کی کوالٹی بہت اچھی ہے، اور ایک ایک سیل 10 سال تک چلتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 26 ماہ سے پورے پاکستان میں بیٹریاں پہنچانے کا کام وہ کررہے ہیں لیکن آج تک کسی بھی گاہک کی کوئی شکایت نہیں آئی۔

چھت والے عام پنکھے بیٹری سے کیسے چلیں گے؟

احمد رضا نے کہاکہ ہم نے عام لوگوں کے لیے 12 واٹ کی بیٹری تیار کی ہے، جس کی باڈی بہت جلد بن جائے گی۔ یہ بیٹری چھت والے پنکھے کے پائپ سے لگا کر کنکشن دینا ہوگا جو بجلی جانے کی صورت میں اڑھائی گھنٹے تک پنکھا چلانے کی طاقت رکھتی ہے اور 4500 روپے کی یہ بیٹری 3 سے 5 سال تک اپنا کام کرتی رہے گی۔

’ہمارے سیل 10 سے 12 سال چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘

احمد رضا مغل کا کہنا ہے کہ ویسے تو ہم اپنی اشیا کی 2 سال گارنٹی دیتے ہیں لیکن جو سیل ہم استعمال کرتے ہیں ان کی عمر 10 سے 12 سال تک ہے۔

یہ بھی پڑھیں کم خرچ روم کولر: ’ اب اے سی بیٹری پر بھی چلا سکتے ہیں‘

انہوں نے کہاکہ اس کی مثال یہ ہے کہ اب تک ہماری جتنی بیٹریاں فروخت ہو چکی ہیں 26 ماہ گزرنے کے باوجود وہ اسی حالت میں کام کررہی ہیں جیسے ہم نے ان کو پہلے روز لگایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp