بھارت نے دشمن ڈرونز کو روکنے کے لیے چیلوں کو ٹریننگ دینا شروع کر دی جو فضا میں اڑتے ڈرونز کو پکڑ لیتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چینی سرحد کے قریب بھارت اور امریکہ کی مشترکہ جنگی مشقوں میں بھارتی فوج نے ڈرونز کو نشانہ بنانے والی چیلوں کی نمائش کر دی۔ یہ چلیں اڑتے ڈرون کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی علاقے سے مبینہ طور پر بھارتی علاقوں میں اسلحہ اور منشیات بذریعہ ڈرون بھیجے جا رہے ہیں جس کی روک تھام ان چیلوں کے دستے کے ذریعے کی جائے گی۔
“انڈین ایرواسپیس ڈیفنس نیوز” نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بھارتی فوجی اپنے ہاتھ پر بیٹھی چیل کو فضا میں اڑا رہا ہے جو اڑتے ہوئے ایک ڈرون پر جھپٹ کر اسے پکڑ لیتی ہے اور پھر اسے نیچے پھینک دیتی ہے۔
بھارتی فورسز کے مطابق چیلوں کا دستہ پنجاب اور جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔