اسلام آباد پولیس نے بہارہ کہو میں بزرگ بھکاری کو گلا کاٹ کر قتل کرنے، اور بری امام میں دکان پر ڈکیتی کرنے والے ملزمان گرفتار کرلیے۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد ارسلان شاہزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں چند روز قبل بری امام میں ڈکیتی اور بہارہ کہو میں گلاکٹی لاش ملی تھی جس کا آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی نے نوٹس لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد پولیس کی کارروائی، پبلک پارک میں شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان کو دھر لیا
ایس ایس پی نے بتایا کہ بزرگ مقتول عبدالقیوم بھیک مانگتا تھا اور بہارہ کہو جمعہ بازار میں اکیلا رہتا تھا، اس کے پاس ملزمان نے پیسے دیکھے تو لوٹنے کا ارادہ کیا۔
ارسلان شاہزیب نے بتایا کہ ملزمان امان اللہ اور ریاست عباسی نے صلاح مشورہ کرکے بزرگ کو قتل کردیا اور پیسے لے کر فرار ہوگئے، اس قتل سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا تھا۔
انہوں نے کہاکہ اس اندھے قتل کو ٹریس کرنے کے لیے مختلف تفتیشی ٹیمیں بنائی گئیں، پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور ملزمان کو ٹریس کیا۔ اس وقوعہ کی ایف آئی آر نمبر 597 تھانہ بہارہ کہو میں درج ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسی طرح بری امام میں 4 ملزمان نے موبائل شاپ پر ڈکیتی کی، اس واقعہ کو ٹریس کرنے کے لیے ماہر تفتیشی افسران پر مشتمل پولیس ٹیمیں بنائی گئیں، جنہوں نے انتھک محنت کے بعد اس گینگ کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ بین الصوبائی کلاشنکوف گینگ کے نام سے مشہور تھا، اس گینگ نے اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں بھی متعدد وارداتیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کا افسر شہید
ایس ایس پی کے مطابق اس گینگ میں ملزمان فیصل، شبیر احمد، غلام عباس اور محمد فراز شامل ہیں، جن سے ایک کلاشنکوف، 3 پسٹلز، 2 موٹرسائیکلیں اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔