سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والی عرب اسلامک سربراہ کانفرنس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مظالم کی شدید مذمت کی گئی ہے، اور یہ مطالبہ بھی سامنے آیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کونسل میں رکنیت معطل کی جائے۔
عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں مسلم ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت، عرب لیگ اور او آئی سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ مشترکہ عرب اسلامک سربراہ کانفرنس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورت حال پر غور کیا گیا۔
امدادی قافلوں کو فوری طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت کا مطالبہ
سربراہ کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین میں قیام امن کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امدادی قافلوں کو فوری طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔
سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں اسلامی سربراہی اجلاس: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ شریک۔ pic.twitter.com/D4ue21xMP9
— WE News (@WENewsPk) November 11, 2024
یہ بھی پڑھیں سعودی عرب نے اسرائیل کی بڑھتی جارحیت کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیدیا
غزہ اور لبنان کا مسئلہ فوری حل کیا جائے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان
سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت فوری روکی جائے، اسرائیل کی جارحیت سے اب تک غزہ میں ہزاروں شہادتیں ہوچکی ہیں، غزہ اور لبنان کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ہم خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی اور بے حرمتی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہاکہ لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں نے لبنان کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈال دیا، عالمی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔
مسلمان ممالک متحد ہوکر مسئلہ فلسطین پر آواز اٹھائیں، صدر ترکیہ رجب طیب اردوان
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل فلسطین کا وجود ختم کرنے پر تلا ہوا ہے، تمام مسلم ممالک کو متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، مسلمان ممالک موجودہ صورتحال میں اپنے اختلافات بھلا کر مسئلہ فلسطین پر متحد ہوجائیں۔
فلسطینی صدر کا اسرائیل کی سلامتی کونسل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے نتائج ہولناک ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی سلامتی کونسل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف یہودی آبادکاروں کی جاری دہشت گردی روکنے میں مدد کرے۔
آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف کا ایک بار پھر مطالبہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
انہوں نے کہاکہ غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کی جائے، اسرائیل غزہ میں جارحیت کی تمام حدیں پار کرچکا ہے، اس وقت بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غیرمعمولی اجلاس میں شریک تمام شرکا کو سلام پیش کرتا ہوں، فلسطین کی صورتحال پر ہم سب کا جمع ہونا اہم اقدام ہے۔
وزیراعطم پاکستان نے کہاکہ غزہ میں ہزاروں افراد شہید جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں، اسرائیل کے ہاتھوں عالمی قوانین اور اقدار کی پامالیاں کی جارہی ہیں، عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوائے۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل فلسطین میں امداد کی بندش کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہا ہے، غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے۔
یہ بھی پڑھیں ترکیہ کا ایک بار پھر مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور، ویٹو پاور ختم کرنے کا مطالبہ
انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر فوری پابندی عائد کی جائے، اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات بھی تشویش کا باعث ہیں۔