وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چند دن قبل گلے کے علاج کے لیے جنیوا گئیں جہاں سینیئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ ہیں، ان کے جنیوا جانے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر خبریں زیرگردش ہیں کہ مریم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: طبیعت ناساز ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اسپتال منتقل
وی نیوز نے اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں اور مریم نواز کے قریبی ساتھیوں سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ مریم نواز کے حوالے سے اس طرح کی بات بالکل بے بنیاد ہے اور مریم نواز میں کینسر کی ابتدائی علامات سامنے آنے کے حوالے سے جو خبریں زیرگردش تھیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
’پی ڈی ایم دور حکومت میں بھی مریم نواز گلے کے آپریشن کے لیے جنیوا گئی تھیں‘
یاد رہے کہ اس سے قبل مریم نواز پی ڈی ایم دور حکومت میں بھی گلے کے علاج کے لیے جنیوا گئی تھیں، جہاں ان کے گلے کی سرجری بھی ہوئی تھی، اب دوبارہ گلے کے علاج کے لیے جنیوا جانے سے چند روز قبل وہ شریف میڈیکل اسپتال بھی گئی تھی، جہاں پر انہیں ابتدائی طبی امداد انہیں دی گئی تھی، اس کے بعد وہ جنیوا گئی تھیں جہاں انہوں نے ڈاکٹرز سے ٹائم لیا تھا، چونکہ مریم نواز کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی جس کے باعث انہیں اچانک علاج کے لیے جنیوا جانا پڑا تھا۔
مریم نواز پاکستان واپس کب آئیں گی؟
وی نیوز کی مریم نواز کے دورہ جنیوا کے حوالے سے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے بات ہوئی تھی، جنہوں نے وی نیوز کو بتایا تھا کہ ان کا دورہ جنیوا ایک ہفتے کا ہوگا، وہ نواز شریف کے ہمراہ واپس پاکستان آجائیں گی، ابھی تک یہی اطلاعات ہیں کہ آنے والے دو سے 3 دن بعد یا ہفتہ، اتوار کو وزیراعلیٰ مریم نواز سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ پاکستان میں ہوں گی۔