طیبہ گُل کیس: سابق چیئرمین نیب اور ڈی جی لاہور کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست مسترد

منگل 11 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال اور ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف طیبہ گل کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل عدالت اور دیگر فورمز پر جاری کارروائی روکنے کے لیے نیب کی درخواست پر فوری حکم امتناعی کی استدعا مسترد کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے نیب کی اپیل پر سماعت کی، نیب کے وکیل نے بتایا کہ طیبہ گل نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال اور ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف بے بنیاد درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، احتساب عدالت لاہور سمیت متعدد فورمز پر کارروائی جاری ہے۔

نیب وکیل نے کہا کہ طیبہ گل کی جانب سے سابق چئیرمین اور ڈی جی نیب کے خلاف بے بنیاد درخواستیں مختلف فورمز پر دے کر کردار کشی کی جا رہی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت طیبہ گل کی درخواستوں پر کاروائی روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کرے۔

عدالت نے نیب کی حکم امتناعی جاری کرنے کی فوری استدعا مسترد کردی۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،اور سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ طیبہ گل نامی خاتون نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال اور دیگرحکام  پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے آپس میں ملی بھگت سے اخلاق با ختگی، ہراساں کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ۔ان تمام غیر قانونی اور بد نیتی پر مبنی اقدامات کے باعث ملزمان متعلقہ قوانین کے تحت سزا وار ہیں ۔اور انہیں قرار واقعی سزائیں ملنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے اور شوہر کے خلاف سابق چیئرمین نیب نے ایک غیر قانونی ریفرنس دائر کیا تا کہ شکایت کنندہ اور اس کے شوہر کا بازو مروڑ کر اپنے غیر اخلاقی مطالبات کو پورا کر سکیں۔

احتساب عدالت سے ان کی بر یت کے بعد انہوں نے 18فروری 2022ء کو تمام غیر قانونی اور غیر اخلاقی ریفرنس کے خلاف چیئرمین نیب کے پاس درخواست دائر کی لیکن انہوں نے بھی ملزمان کے خلاف جعلی ریفرنس دائر کرنے پر کوئی محکمہ جاتی کا رروائی نہیں کی۔ ہر اساں کرنے اور عریاں وڈیوز بنانے اور جسمانی تشدد کئے جانے کی شکایت بھی دائرکی گئی جس میں متعدد ملزمان کو نامزد بھی کیا گیا۔

طیبہ گل نے کہا کہ ان کے اور شوہر کے خلاف ملزمان کی ایماء پر مختلف جگہوں پر40ایف آئی آرز درج کرائی گئیں تاہم تمام ایف آئی آرز مسترد کردی گئیں۔

گزشتہ سال طیبہ گل نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش ہو کر بتایا تھا کہ انہیں نیب آفس گرفتاری کے بعد کس قدر ہراساں کیا گیا اور عریاں وڈیوز بنائی گئیں ۔سابق سربراہ نیب نے ایک منٹ میں زندگی تباہ کردینے کی دھمکی دی۔

23مارچ 2019ء کو ایک نجی ٹی وی چینل نے اس وقت کے چیئرمین نیب کے ساتھ طیبہ گل کی ایک قابل اعتراض وڈیو نشر کی تھی۔ بعد ازاں نیب نے ایک بیان میں رپورٹ کو مسترد کر دیا تھا۔ ایسی تمام رپورٹس کو بے بنیاد، جعلی اور حقائق کے بر خلاف بتایا گیا۔

نیب کے مطابق یہ بلیک میلرز کی کارستانی ہے جو نیب اور اس کے چیئر مین کی ساکھ کو مجروح کرنا چاہتے ہیں۔ تمام تر دباؤ کے باوجود نیب نے نہ صرف گروہ کے 2ارکان کو گرفتار کیا بلکہ ان کے خلاف ریفرنس بھی منظور کرائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp