پاکستان کی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے برسبین پہنچ گئی ہے۔
آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 14 نومبر (جمعرات) کو دی گابا، برسبین میں کھیلا جائے گا۔ ٹی20 سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کریں گے جبکہ میزبان آسٹریلوی ٹیم کو جوش انگلس لیڈ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا شاندار کھیل، دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ آسٹریلیا پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل چکی ہے جس میں گرین شرٹس نے کینگروز کو 1-2 سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی۔ آسٹریلیا نےپاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس کے بعد پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی اور پھر تیسرے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے ہر اکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف نے آسٹریلیا کیخلاف تاریخی فتح کو ’پاکستانی کرکٹ کے لیے بڑا دن ‘ قرار دیدیا
پاکستان کی ٹیم نے ون ڈے سیریز کے علاوہ 3 ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے جس کا پہلا میچ 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹی20 میچ 16 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 18 نومبر کو بیلریو اوول ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔