کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر حملے میں ملوث دہشتگرد شاہ فہد کی خودکش دھماکے سے قبل کے مناظر سامنے آگئے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کو حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہشتگرد نے ساتھی خاتون کے ساتھ 5 بجے حب ٹول پلازہ عبور کیا اور 4 اکتوبر کی رات 10 بجکر 33 منٹ پر صدر کے ایک ہوٹل میں کمرہ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چینی باشندوں پر حملہ، خودکش بمبار سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں
ویڈیو میں ریکارڈ کی گئی دہشتگرد شاہ فہد کی شہر میں نقل و حرکت کے مطابق وہ 5 اکتوبر کو صبح 10 بجکر 57 منٹ پر گاڑی میں ہوٹل سے نکلا، صدر میں سونی سینٹر کے پاس سے گزرا۔
خودکش حملہ آور صبح 11 بجکر 2 منٹ پر ایمپریس مارکیٹ سے رینبو سینٹر پہنچا، دوپہر 2 بجکر 22 منٹ پر ڈی ایچ اے فیز ون کے سگنل پر پہنچا، اسے کورنگی سے خیابانِ اتحاد پر بھی جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں چینی باشندوں پر کون کون سے بڑے حملے ہو چکے ہیں؟
سیکیورٹی اداروں کی حاصل کردہ فوٹیج میں دہشتگرد شاہ فہد کو 6 بجکر 29 منٹ پر صدر زینب مارکیٹ پر دیکھا جاسکتا ہے، جہاں سے وہ 6 بجکر 31 منٹ پر واپس اپنے ہوٹل پہنچا، حملے کے روز دہشت گرد شاہ فہد کو ہوٹل کاؤنٹر پر دیکھا جاسکتا ہے۔
خودکش حملہ آور دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر ہوٹل سے نکل کر پیراڈائیز ہوٹل، ایٹریم مال اور آواری ٹاور سے ہوتا ہوا شارع فیصل پر آیا، خود کش حملہ آور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس باغِ جناح اور دیگر جگہوں کے چکر لگاتا رہا، شام 4 بجکر 20 منٹ پر شارع فیصل فیاض سینٹر کے پاس سے گزرا۔
مزید پڑھیں:کراچی کے صنعتی علاقہ سائٹ میں فائرنگ، 2 چینی باشندے زخمی
دہشتگرد شاہ فہد کو بہادرآباد کے علاقے حرمین شریفین ہوٹل کے باہر بھی دیکھا گیا، حملے والے روز دہشت گرد رات ساڑھے 9 بجے ایئرپورٹ پہنچ گیا تھا، دہشتگرد شاہ فہد کا ایک ساتھی پیدل ایئرپورٹ میں داخل ہوا، جسے پینٹ شرٹ پہنے ایئرپورٹ پر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔
چینی قافلہ نکلتے ہی ایئرپورٹ پر موجود اس دہشتگرد نے فون پر مرکزی دہشت گرد شاہ فہد کو اطلاع دی، قافلہ جیسے ہی ایئرپورٹ سگنل کے قریب پہنچا تو شاہ فہد نے خودکش دھماکہ کردیا۔
مزید پڑھیں:کراچی: چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعہ میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دھماکا ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والا خودکش دھماکا 6 اکتوبر کی رات 11 بجے ہوا تھا، جس میں 2 چینی انجینیئرز سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔