کیا کراچی ایئرپورٹ کی حدود میں ٹیکسیوں پر پابندی لگنے والی ہے؟

منگل 12 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ حکومت نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات تجویز کیے ہیں۔

کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اقدامات بڑھانے کے لیے منعقدہ اجلاس ہوا، اجلاس میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن پر اطلاق فوری ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ خاموشی سے بیچ دیا گیا؟

اجلاس میں تجویر دی گئی کہ پرائیویٹ اور آن لائن ٹیکسیوں کی ایئرپورٹ پارکنگ داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی، ایئرپورٹ اور اس کی حدود میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی آتے جاتے چیک کیا جائے گا، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو آفس کارڈ لازمی دکھانا ہوگا، آفس کارڈ کے بغیر ملازمین کو ایئرپورٹ داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔

ایئرپورٹ آنے والوں کے پاس متعلقہ ایئرلائن کے ٹکٹ کی کاپی کی شرط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایئرپورٹ کے پاس سے صرف ایئرپورٹ جانے والی ٹریفک کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ کے داخلی راستوں پر آہنی دروازے لگائے جائیں گے، جن کی نگرانی پولیس، رینجرز، اے ایس ایف، سی اے اے کی مشترکہ سیکیورٹی ٹیمیں کریں گی، داخلی دروازوں پر بارودی مواد کی جانچ کرنے والی ڈیوائسز، سی سی ٹی وی اور بینرز لگائے جائیں گے۔ کسی بھی مشتبہ گاڑی کو روکنے کے لیے مخصوص جگہ بنائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے جناح ایئرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ درج

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایک مسافر کے ساتھ صرف ایک شخص جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ جاسکے گا، بزرگ مسافر کی صورت میں 2 مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp