کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بات کیوں کی؟ رکن پنجاب اسمبلی کو پولیس کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کا انکشاف

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما و رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی ممتاز چانگ کی زندگی کو لاحق خطرات پر آواز اٹھا دی، اور انکشاف کیاکہ ان کو پولیس کی جانب سے خطرہ ہے۔

علی حیدر گیلانی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ممتاز چانگ کا تحصیل صادق آباد رحیم یار خان سے تعلق ہے، کئی بار اپنے تحفظات سے اظہار کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب پولیس کی کارروائی، کچے کا انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک

انہوں نے کہاکہ ممتاز چانگ کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آواز اٹھائی، کچے میں آباد چند ایس ایچ اوز نے پولیس اسٹیٹ بنائی ہوئی ہے، جب چاہیں لوگوں کو اٹھا لیتے ہیں، ان کی بہن اور رشتہ داروں کے گھر پولیس بھیج دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ میرا یہ ممبر کچے کے ڈاکوؤں پر بات کرتے کرتے مشہور ہوگیا ہے، سب کو پتا ہے کہ ممتاز چانگ نے کچے کے ڈاکوؤں کی بات کی تو ڈاکوؤں کے ساتھ ساتھ پولیس نے بھی قتل کی دھمکی دی۔

علی حیدر گیلانی کے تحفظات پر اسپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا حکم دے دیا۔

اسپیکر نے رولنگ دی کہ اپنی سربراہی میں ایک کمیٹی بناتا ہوں جس میں علی حیدر گیلانی اور مجتبیٰ شجاع الرحمان ممبر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں شکار پور: کچے کے ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او کو شہید کردیا

انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے اجلاس میں آر پی او کو بلا کر اس صورتحال پر استفسار کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp