وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی نااہلی کے معاملے پر تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا اہم اجلاس کل زمان پارک میں منعقد ہو گا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کے لیے مختلف ناموں اور تنویر الیاس کی نااہلی سے متعلق قانونی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم ہو یا پاکستان کا، عدالتی فیصلوں کا احترام ضروری ہے۔ عدالتی نظام کو تباہ کر کے ملک نہیں چل سکتے، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی نااہلی سے شہباز شریف کو سیکھنا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں فواد چوہدری کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر عدالت سے معافی مانگیں، امید ہے انہیں سپریم کورٹ سے ریلیف ملے گا، وزیر اعظم پاکستان اس فیصلے سے سبق حاصل کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آزاد کشمیر کا وزیراعظم ہو یا پاکستان کا، عدالتی فیصلوں کا احترام ضروری ہے، عدالتی نظام کو تباہ کر کے ملک نہیں چل سکتے۔
اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کو توہین عدالت میں نااہل کیا گیا ہے، وہ عدالت کے احکامات پر عمل نہیں کر رہے تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، پاکستان کے وزیراعظم کو بھی اس سے سبق سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے پارلیمنٹ میں موجودہ صورتحال میں بیٹھنے سے وکلا برادری خفا ہے۔ لگتا ہے اب تو فائز عیسیٰ پر ریفرنسز فائل ہورہے ہیں، ایک طرف فائز عیسیٰ کے اسحاق ڈار بیٹھا تھا جنکا انہوں نے حدیبیہ کا کیس بند کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے اردگرد آصف زرداری اور اسحاق ڈار بیٹھے تھے، آدمی اپنی صحبت سے پہچانا جاتا یے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے متنازعہ تقریر کیس میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی اسمبلی کی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
عدالت سے متعلق بیانات پر سردار تنویر الیاس کو قصور وار قراردیا گیا ہے۔