’آپ کی ٹی20 میں جگہ نہیں بنتی‘، بابراعظم کے خلاف شائقین کے نازیبا نعرے، ویڈیو وائرل

پیر 18 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان آسٹریلیا کے دوسرے ٹی20 میچ کے دوران سابق کپتان بابراعظم کو تماشائیوں کی جانب سے منفی نعروں کا سامنا کرنا پڑا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے دوران اسٹیڈیم سے ایک شائق نے بابر اعظم کو پنجابی میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تیری ٹی 20 وچ جگہ نہیں بندی، واپس لاہور لوٹ جا‘ (آپ کی ٹی20 میں جگہ نہیں بنتی، واپس لاہور چلے جائیں) جس پر بابر اعظم نے کسی تماشائی کو کوئی جواب نہیں دیا البتہ تنگ کرنے پر انہیں مڑ مڑ کر دیکھتے رہے اور فیلڈنگ پر دھیان دیتے رہے۔

واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ ایک صارف نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کا مذاق اڑانا بہت شرمناک ہے۔ بابر اعظم کو چاہیے تھا کہ کم از کم ان شائقین پر جوتے پھینکتے۔

شعیب جٹ لکھتے ہیں کہ بابر اعظم ہمارے ہیرو ہیں، کسی کو بھی اس طرح کے رویے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے یہ رویہ اختیار کیا، صارف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم پاکستان کا چہرہ ہیں اور ان کے صبر کو سلام جنہوں نے کسی قسم کا کوئی ردعمل نہیں دیا۔

وقاص حبیب رانا نے لکھا کہ سیلکٹرز جاگیں اور وہ بابر اعظم کو ٹی 20 سے باہر کر دیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ صحیح وقت ہے کہ بابر کو ٹی20 سے ریٹائر ہو جانا چاہیے، بابر اعظم اور رضوان دونوں ٹی20 کے لیے فٹ نہیں ہیں۔

میڈیا ٹاک نامی صارف نے لکھا کہ ان بدتمیز شائقین پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔ جو کنگ بابر اعظم کا مرتبہ نہیں جانتے، بابر اعظم پاکستان کا قومی ہیرو ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی اس ضمن میں اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔

کئی صارفین کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ بابر اعظم  کو ٹی20 سے ریٹائر ہو جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ ابتدائی 2 ٹی20 مقابلوں میں بابراعظم محض 6 رنز بناسکے جبکہ ایک کیچ بھی ڈراپ کیا۔ ناقص پرفارمنس کی وجہ سے ناقدین انہیں ٹرول کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ خیال رہے 3 میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp