سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی ایک بار پھر واپسی کی خبریں زیر گردش ہیں اور اس بار دسمبر میں کہا جا رہا ہے کہ سابق گورنر پاکستان واپس آئیں گے اور اس سلسلے میں استقبال کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔
ترجمان ’میری پہچان پاکستان‘ کے مطابق سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان دسمبر کے آخری ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں ان کے استقبال کے ضمن میں ایک استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، دارالحکومت میں 2 دفاتر قائم کر دیے گئے ہیں جہاں منعقدہ اجلاس میں عشرت العباد خان کے استقبال کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:عشرت العباد کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اشارہ، لوگ رابطے میں ہیں، سابق گورنر سندھ
ترجمان نے بتایا کہ عشرت العباد خان جب اسلام آباد پہنچیں گے تو کشمیر، کے پی، پنجاب اور اسلام آباد کے کارکنان ان کا استقبال کریں گے جبکہ سندھ سے بھی خصوصی طور پر کارکنان استقبال کے لیے موجود ہوں گے۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان کی واپسی پر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک رہنما نے بتایا کہ ان کی وطن واپسی گرین سگنل سے مشروط ہے، اگر تو انہیں اجازت مل گئی تو وہ کل آجائیں لیکن بار بار تاریخیں بدلنے کا مطلب یہ ہے کہ انہیں جب بھی سگنل ملا وہ واپسی میں تاخیر نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں:سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو پارٹی بنانے میں کن مشکلات کا سامنا ہے؟
مصطفیٰ کمال نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ عشرت العباد اگر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کرنا چاہیں تو سوچا جا سکتا ہے، لیکن سابق گورنر سندھ اپنی نئی پہچان کے ساتھ واپسی کی ٹھان چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان پر امید ہیں کہ ان کی واپسی پر ایم کیو ایم کی روپوش قیادت ان سے آن ملے گی جس کے بعد وہ ایم کیو ایم پاکستان کو اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ ’اس وقت عشرت العباد یہ والے خواب دیکھ رہے ہیں۔‘
مزید پڑھیں:سابق گورنر سندھ عشرت العباد کی الطاف حسین کو سالگرہ کی مبارک باد کیسے لے ڈوبی؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ بابر غوری اور وسیم اختر بھی نظر آرہے ہیں اور اسی وجہ سے وہ پر امید ہیں کہ ان کی نئی جماعت کراچی میں اپنا مقام پیدا کرکے ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گی، لیکن یہ وقت ہی بتائے گا کہ عشرت العباد خان کے سیاسی اندازے درست ہیں یا پھر وہ اپنی سیاست دفنانے پاکستان واپس لوٹ رہے ہیں۔