پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار وزیراعظم محمد شہبازشریف کی سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس، سعودی وفد کی توجہ کا مرکز کیا تھا؟
ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔
#اسلام_آباد|وزیر اعظم جناب محمد شہباز شریف نےسعودی نائب وزیرداخلہ جناب ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود کااستقبال کیا۔اس موقع پر #پاکستان میں #خادم_حرمین_شریفین کے سفیر جناب نواف المالکی بھی موجود تھے۔دوران ملاقات باہمی تعاون، تعلقات کومزید مضبوط بنانےپر تبادلہ خیال ہوا pic.twitter.com/CrngYmU4L4
— السفارة في باكستان – سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) November 20, 2024
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاک سعودی عرب مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ
ملاقات میں غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاض میں ہونے والی حالیہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کی اور فلسطین میں اسرائیل کے نسل کشی کے اقدامات کے خلاف اور غزہ میں تشدد کے خاتمے کے لیے اجتماعی طور پر امت مسلمہ کو متحد کرنے کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع اورسلامتی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ اور ان کے وفد کا دورہ ان حساس شعبوں میں تعاون کے حوالے سے دونوں برادر اسلامی ممالک کو قریب لانے میں مدد دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب پاکستان میں مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک میں اتفاق
وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔