پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس، سعودی وفد کی توجہ کا مرکز کیا تھا؟

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کے معدنیاتی وسائل اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری  سعودی عرب کے وفد کی توجہ کا مرکز رہی۔

اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد نے شرکت کی، کانفرنس میں سعودی وفد کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا گیا۔

دونوں ممالک کے وفود کی سربراہی وزرائے خارجہ نے کی جن کے ساتھ سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں سے منسلک وزارتوں کے وفاقی وزراء بھی شامل تھے۔

خصوصی سرمایہ سہولت کونسل (SIFC) کی جانب سے مختلف شعبوں میں موجودہ سرمایہ کاری کے مواقع، ان کی مالیت اور متوقع آمدن کے بارے میں سعودی عرب کے وفد کو آگاہ کیا گیا۔

یہ کانفرنس اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایک تاریخی کانفرنس تھی، جس میں سعودی عرب نے کثیر الجہتی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، پاکستان میں زراعت سے متعلق سرمایہ کاری کے مواقع، سعودی عرب کے وژن 2030ء کے فوڈ سکیورٹی کے اہداف کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں جن میں سعودی عرب خاص دلچسپی لے رہا ہے۔

اس کانفرنس میں پاکستان کے معدنیاتی وسائل اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بھی سعودی عرب کی توجہ کا مرکز رہی۔

کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے سعودی ایگریکلچرل اینڈ لائیواسٹاک انوسٹمنٹ کمپنی کے سی ای او انجینئر سلیمان بن عبدالرحمن آل رامع نے کہا ’ہم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، پاکستان ہمارے لیے ٹارگیٹڈ ملک ہے، پاکستان میں قدرتی وسائل موجود ہیں اور یہ سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے۔‘

انہوں نے کہا ’ہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے منتظر ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اہداف دونوں ملکوں کے لیے فوڈ سیکیورٹی اور دونوں ممالک کے حوالے سے مینڈیٹ حاصل کریں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp