وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی سمیت تمام مطالبات منوا کر دم لیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے، پی ٹی آئی کا نعرہ اب نہیں تو کب، ہم نہیں تو کون ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں توشہ خانہ 2 کیس میں رہائی کا حکم، کیا عمران خان جیل سے باہر آسکیں گے؟
انہوں نے کہاکہ قوم نے اب فیصلہ کرنا ہے کہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کرنا ہے یا نہیں، عمران خان ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہاکہ عمران خان کا نظریہ ہمارا جنون ہے اور جنون کبھی مرتا نہیں، بڑھتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آج بیرسٹر گوہر کے ہمراہ عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، تاہم وہ میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ ہوگئے۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھی انہوں نے عمران خان سے جیل میں ملاقات کی تھی تاہم میڈیا سے بات چیت نہیں کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد انتظامیہ پی ٹی آئی احتجاج کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کررہی ہے؟
دوسری جانب پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے رکن فیصل چوہدری نے آج عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے ڈیل کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک اگر مذاکرات پر کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو 24 نومبر کا احتجاج ملتوی یا منسوخ نہیں ہوگا۔