آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی شہر قائد پہنچ گئی، تقریب رونمائی

جمعرات 21 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی رونمائی کی تقریب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں واقع حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے جمعرات کو منعقدہ رونمائی کی تقریب میں خوبصورت چمکدار گولڈن ٹرافی کی تقریباً آددھے گھنٹے تک گراؤنڈ میں ایک ٹیبل پر رکھا گیا۔ ٹرافی کے ساتھ شائقین اور صحافیوں نے تصاویر بنوائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی دباؤ، آئی سی سی نے پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی ٹور سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو نکال دیا

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چند روز قبل پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے منظور شدہ ٹور میں تبدیلی کرتے ہوئے نئے ٹور کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ٹرافی کا 22 سے 25 نومبر تک شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹور ہوگا۔

 آئی سی سی نے 14 نومبر کو ٹرافی متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچائی تھی۔ ٹرافی کے ٹور کا آغاز 16 نومبر کو اسلام آباد سے کیا گیا تھا، 17 نومبر کو ٹرافی کو ٹیکسلا اور خانپور جبکہ 18 نومبر کو ایبٹ آباد لیجایا گیا۔ 19 نومبر کو ٹرافی مری پہنچائی گئی، 20 نومبر کو اسے نتھیا گلی پہنچایا گیا اور اب اس کا کراچی کا ٹور شروع ہوچکا ہے جو 25 نومبر تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میزبان ملک پاکستان پہنچ گئی

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کو ایونٹ میں شریک تمام ممالک میں لے جایا جائے گا، پاکستان کے بعد ٹرافی 26 سے 28 نومبر تک افغانستان میں رہے گی۔ اس کے بعد 10 سے 13 دسمبر تک بنگلہ دیش، 15 سے 22 دسمبر تک جنوبی افریقہ، اور 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا کا ٹور ہوگا۔ اس کے بعد 6 جنوری سے 11 جنوری تک ٹرافی کا ٹور نیوزی لینڈ کا ہوگا، جبکہ 12 سے 14 جنوری تک انگلینڈ اور 15 سے 26 جنوری تک ٹرافی انڈیا میں رہے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، تاہم بھارت کی جانب سے ٹیم نہ بھیجنے کے اعلان کے بعد صورتحال گھمبیر ہوگئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp