کرم: مسلح افراد کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 38 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جمعرات 21 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خواتین سمیت 38افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑیاں قافلے کی صورت میں لوئر کرم سے پاڑا چنار جارہی تھیں۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او کرم اور ڈپٹی کمشنر سمیت پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پاراچنار سے پشاور جانے والے قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرم میں جاں بحق افراد کی تعداد 38 ہوگئی، 13 جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے، جبکہ 25جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے جس میں 14 مرد اور 6 خواتین شامل ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ علاقے اوچت میں میں پیش آیا، فائرنگ کا سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد مسلح تھے، گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

مزید پڑھیں: اپرکرم میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق

خیال رہے مسافر گاڑیاں سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں پاراچنار سے پشاور چلتی ہیں۔ اس سے قبل بھی 12 اکتوبر کو بھی قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، 12 اکتوبر کے بعد 22روز کے لیے مین روٹ بند رہا۔  22دن بعد کانوائے کے متبادل راستے کے ذریعے اجازت مل گئی تھی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت جاں بحق افراد کی میتیں علی زئی پہنچادی گئی ہیں۔ مزید زخمی مندوری اسپتال لائے گئے ہیں۔ تاہم ریسکیو کا عمل جاری ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ہے۔

صدر مملکت کا کرم فائرنگ میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کُرّم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔

صدر مملکت نے ہدایت کی معصوم شہریوں پر حملے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: ضلع کرم میں جھڑپوں کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی، فریقین فائربندی پر رضامند

صدر مملکت کا واقعہ میں قیمتی جانی نقصان پر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

 انہوں نے ذمہ داران کے خِلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی دی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp