ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان طلاق، امیتابھ بچن نے خاموشی توڑ دی

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے گردش میں ہیں لیکن بچن خاندان یا ایشوریا رائے کی جانب سے کبھی بھی اس موضوع پر بات نہیں کی گئی۔

حال ہی میں بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کے درمیان طلاق کی افواہوں پر مبہم انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ لکھا جائے اس کی پہلے تصدیق ہونی چاہیے، قیاس آرائیاں غیر تصدیق شدہ جھوٹ ہوتی ہیں جو صرف پروفیشنل مقاصد کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں طلاق کی خبریں، اصل معاملہ کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سوالیہ نشان کے ساتھ دی گئی معلومات چاہے وہ غلط ہوں، شکوک و شبہات پیدا کرتی ہیں اور ایسے مواد کو بار بار دہرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مواد کے ذریعے تجارتی فائدے حاصل کرنے کا ایک ذریعہ بن چکا ہے۔ ساتھ ہی بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ وہ شاذ و نادر ہی اپنے خاندان کے بارے میں عوامی سطح پر بات کرتے ہیں کیونکہ وہ حدود کا احترام کرنے اور رازداری کو برقرار رکھنے میں یقین رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں ابھیشیک کے اہلیہ اور بیٹی کے بجائے والدین کے ہمراہ فوٹوشوٹ نے ان افواہوں کو ایک بار پھر ہوا دی تھی کہ اس جوڑے میں علیحدگی ہو چکی ہے۔ تاہم تقریب کی کچھ ایسی تصاویر بھی سامنے آئیں جن میں ابھیشیک اور ایشوریا رائے کو ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا اور دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں دم توڑ گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ابھیشیک بچن نے ایشوریا رائے کو طلاق دے دی؟

لیکن پھر بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کی طلاق کی ایک پوسٹ پر ردعمل کے بعد فلمی دنیا کی مقبول جوڑی کے درمیان علیحدگی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی۔ ابھیشیک بچن نے سوشل میڈیا پر بھارتی صحافی حنا کھنڈیوال کی جانب سے شیئر کی گئی طلاق سے متعلق پوسٹ کو لائیک کیا، لائیک کی گئی پوسٹ میں درج تھا کہ جب محبت آسان نہ لگنے لگے، طلاق کسی کے لیے کبھی بھی آسان نہیں ہوتی، کون خوشی سے زندگی گزارنے کا خواب نہیں دیکھتا لیکن اس کے باوجود زندگی کبھی بھی ویسی نہیں ہوتی جیسی ہم امید کرتے۔

طلاق پر مبنی آرٹیکل میں لکھا گیا تھا کہ طویل عرصے سے شادی کے رشتے میں بندھے جوڑے اب اپنی راہیں الگ کر رہے ہیں آخر کون سی ایسی چیز ہے جو ان کو یہ فیصلہ لینے پر مجبور کر رہی ہے۔ اس پوسٹ کو لائک کرنے کے بعد کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ ابھیشیک اور ایشوریا رائے کے درمیان طلاق ہوگئی ہے جبکہ کچھ نے کہا تھا کہ اداکار طلاق دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن ایشوریہ یا ابھیشک کی جانب سے ایسی خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: اب تک کی مختصر ترین شادی، صرف 3 منٹ میں طلاق، وجہ کیا بنی؟

واضح رہے کہ اس سے قبل  ایشوریا رائے کے بچن ہاؤس چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور امیتابھ بچن نے اپنی بہو ایشوریا کو سوشل میڈیا سے ان فالو بھی کردیا تھا۔

یاد رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن نے اپریل 2007 میں شادی کی تھی۔ ان کی بیٹی آرادھیا کی پیدائش 2011 میں ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp