گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کے موقع پر یادگاری سکہ جاری

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بابا گرونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کے موقع پر 55 روپے کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یہ سکہ سکھ مذہب کے بانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

55 روپے کا یہ یادگاری سکہ 79 فیصد پیتل، 20 فیصد زنک اور ایک فیصد نکل سے بنایا گیا ہے جس کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے۔ سکے کے اوپری حصے میں ایک ہلال چاند اور مرکز میں 5 نوکدار ستارہ ہے، جو شمال مغرب کی طرف واقع ہے۔

سکےّکے اوپری کنارے پر اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کے الفاظ لکھے ہوئے ہیں۔ ہلال کے نیچے، گندم کے 2 خوشے نیچے سے اوپر کی طرف پھیلائے گئے ہیں، سکے پر اجرا کا سال، 2024 درج کیا گیا ہے۔ ہلال کے دائیں جانب ’55‘ اور بائیں جانب اردو میں ‘روپیہ’ لکھا ہوا ہے۔

دوسری طرف، مرکز میں شری گرو نانک دیو جی کی یادگار کی ایک تصویر ہے۔ یادگار کے اوپر 555 ویں سالگرہ کی تقریبات کے الفاظ لکھے ہوئے ہیں اور اس کے نیچے ’شری گرو نانک دیو جی‘ لکھا ہوا ہے۔ سکے کی بنیاد پر ’ 1469–2024 ‘ تک کی تاریخ کندہ ہیں، جو گرو نانک دیو جی کی پیدائش کے بعد کے عرصے کی نشاندہی کرتی ہے۔

پاکستان متنوع ثقافت سے مالا مال ملک ہے۔ بابا گرو نانک دیو جی، جنہیں سکھ مذہب کے بانی کے طور پر اعزاز سے نوازا جاتا ہے، اس سرزمین کی ممتاز شخصیات میں سے ایک ہیں۔

سکھ مت ایک عالمی مذہب ہے جس کے دنیا بھر میں لاکھوں پیروکار ہیں اور اس کے سب سے مقدس مقامات پاکستان میں واقع ہیں۔ یہ یادگاری سکہ 22 نومبر 2024 سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر میں ایکسچینج کاؤنٹرز پر دستیاب ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp