وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کو مسترد کردیا ہے، یہ آخری کال پی ٹی آئی کے خاتمے کی کال ثابت ہوگی، پی ٹی آئی کے بہت سے لوگوں نے ہم سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ اگلا الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ملک بھر کے عوام اور تاجر پریشان ہیں، لوگوں کے کاروبار کو بھی نقصان ہورہا ہے، یہ لوگ چاہتےہیں پورا پاکستان بند ہو۔
یہ بھی پڑھیں؛ پی ٹی آئی کا 9 مئی جیسے واقعہ کا منصوبہ تھا، وفاقی وزیر امیر مقام
امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ کہہ رہے ہیں ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم پاکستان کے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کردیا ہے، کیا یہ خیبرپختونخوا سے 9لاکھ لوگ لیکر اسلام آباد روانہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولے کو یہ پتا ہی نہیں ان کا مقصد ہے کیا،عوام کو پتہ ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا کوئی مقصد نہیں خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہیں اور وزیراعلیٰ احتجاج کی سیاست کررہے ہیں، وزیراعلیٰ کی ترجیح صرف احتجاج کرنا اور وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انتشار کی سیاست کر رہی ہے، شرپسند ٹولہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، وزیراعلیٰ علی امین نے صوبے کو پناہ لینے والوں کے لیے کیمپ بنادیا ہے، اگر بانی پی ٹی آئی رہا نہ ہوئے تو پھر یہ لوگ کیا کریں گے۔
یہ بھی پڑھی: خیبر پختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے، لوٹ مار پر وزرا لڑ رہے ہیں، انجینیئر امیر مقام
وفاقی وزیر نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے ایک پارٹی کے کئی چیئرمین بنا دیے گئے ہیں، یہ آخری کال پی ٹی آئی کے خاتمے کی کال ثابت ہوگی، تحریک انصاف کے کئی لوگوں نے ہم سے رابطے کیے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگوں نے کہا آنے والا الیکشن ن لیگ کی ٹکٹ پر لڑیں گے، پارٹی قیادت سے رابطے میں ہوں،جلد دوستوں کی ملاقات کراؤں گا۔
امیر مقام نے کہا کہ صوبائی حکومت نے رویہ تبدیل نہ کیا تو پھر ہم خیبرپختونخوا حکومت کیخلاف احتجاج کریں گے، یہ لوگ سرکاری وسائل کو وفاقی حکومت کے خلاف استعمال کررہے ہیں، صوبے کے سرکاری ملازمین کو احتجاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے بعد یہ لوگ اب عرب ملک پر تنقید کررہےہیں، بیرون ممالک سے دوست پاکستان آرہے ہیں اور یہ لوگ احتجاج کررہےہیں، بشریٰ بی بی نے دوست ملک کے خلاف بیان دیا، تحریک انصاف کو تکلیف ہورہی ہے کہ پاکستان ترقی کیوں کررہا ہے۔