آزادکشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا کی یونین کونسل لمنیاں میں واقع فالکن پبلک اسکول میں لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا، ریسکو 1122 سروس ایک گھنٹہ گزرنے کے باجود موقع پرنہ پہنچ سکی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فالکن پبلک مڈل اسکول میں آگ صبح سویرے مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسکول کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، 2 اہلکار زخمی
ذرائع کے مطابق آگ لگتے ہی اسکول میں زیر تعلیم طلبا اور تدریسی عملہ باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا تاہم اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش میں 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں آر ایچ سی لمنیاں منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو1122کی گاڑیاں آگ پر قابو کرنے کے لیے لمنیاں روانہ کردی گئی تھیں، تاہم راستہ دور ہونے کی وجہ سے ریسکو 1122 کے پہنچنے سے قبل ہی اسکول کی عمارت مکمل طور پر جل گئی ہے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر: کوٹلی کے جنگلات میں آتشزدگی، علاقہ جنگلی جانوروں کی چیخ و پکار سے گونجنے لگا
شہریوں کے مطابق لمنیاں میں آتشزدگی کی شدت کے باعث ملحقہ مکانوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔