حکمت عملی میں تبدیلی، پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ کب اسلام آباد پہنچے گا؟

پیر 25 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاجی قافلہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا سے نکل چکا ہے، لیکن پنجاب کی حدود میں پہنچتے ہی قافلے کو پنجاب پولیس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔ تاہم، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں قافلہ اس وقت براہمہ جھنگ باہتر انٹرچینج پر پہنچ چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ اعلی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ کی سربراہی میں قافلہ اس وقت موٹر وے پر ہے۔ پولیس کی جانب سے مزاحمت زیادہ ہونے کی وجہ سے قافلہ سست روی کا شکار ہے۔ اس لیے نئی حکمت عملی کے تحت قافلہ آج بھی اسلام آباد نہیں پہنچ سکے گا۔

مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال فائنل ہے، بیرسٹر گوہر کی اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو

خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے کو آج بھی موٹروے پر ہی روکا جائے گا اور کارکنان کسی ریسٹ ایریا یا گاڑیوں میں ہی رات گزاریں گے۔ ہزارہ موٹر وے انٹرچینج سے مزید قافلے علی امین کے قافلے میں شامل ہوچکے ہیں جس کے باعث تعداد میں کافی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

وی نیوز کی جانب سے جب پی ٹی آئی رہنما عاطف خان سے بات کی گئی کہ احتجاج لازمی جاری رکھنا ہے جبکہ بیلا روس کا وفد اور ان کے صدر اسلام آباد میں ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ چیزیں اتنی اہم نہیں ہیں، یہ روٹین کی چیزیں ہیں۔ تاہم، ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے اور ہر صورت اسلام آباد جائیں گے۔

اس سے قبل کٹی پہاڑی پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے دوران 4پنجاب پولیس اہلکار مظاہرین کے ہتھے چڑھ گئے، جس پر انہوں نے اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران علی امین گنڈاپور نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کنٹینر کے سامنے جوڑے کا فوٹو شوٹ وائرل، ’اب وزیر داخلہ ان کا نکاح نامہ منسوخ کردے گا‘

خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو مظاہرین سے ریسکیو کیا اور اپنی گاڑی میں بٹھا کرلے گئے۔ جس کے بعد کٹی پہاڑی سے پولیس پیچھے ہٹ گئی اور قافلہ آگے کی طرف رواں دواں ہوگیا۔

واضح رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے 24نومبر کو احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں سے مظاہرین کے قافلے اسلام آباد کی طرف امڈ آئے ہیں۔ تاہم، حکومت نے مظاہرین کو روکنے کے لیے حکمت عملی کے تحت راستوں کو بند کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp