بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اپنے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، بچوں نے مہمان صدر کو گلدستے پیش کیے، پھر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے مہمان صدر کو اپنی کابینہ کے ارکان سے فرداً فرداً متعارف کروایا۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زارمیں یادگاری پودا بھی لگایا۔ تادم تحریر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور بیلا روسی صدر الیگزینڈرلوکاشینکو کی دوطرفہ ملاقات جاری ہے پھر وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور بیلا روس کا کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق پاکستان اور بیلاروس کے مابین تعاون کی مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ دونوں رہنما مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کریں گے۔
یاد رہے کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ پاکستان آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی اے ایف نور خان ائیر بیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا تھا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور سینیئر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں: امریکا، روس اور بیلا روس کا خلائی مشن کامیابی کے ساتھ زمین پر پہنچ گیا
بیلا روس کے صدر کی آمد سے ایک روز قبل بیلا روس کے وزیر خارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطح وفد 24 نومبر کو پاکستان پہنچا تھا۔ وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزرا سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔ بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔