وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنوں کی جانب سے سرینگر ہائی وے پر رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملے اور جوانوں کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں فوج طلب، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم
منگل کو اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز پر حملے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کو شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مزید پڑھیں پی ٹی آئی نے دھرنے کے لیے جگہ دینے کی پیشکش مسترد کردی، مذاکرات میں ڈیڈلاک
شہباز شریف نے کہا کہ انارکسٹ گروپ خون ریزی چاہتا ہے، یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ انتہا پسندی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی افراتفری یا خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مذموم سیاسی ایجنڈے کے لیے خونریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔