شہر قائد کی تاجر برادری کی جانب سے نئی ایئرلائن بنانے کا اعلان کردیا گیا۔
ایئر کراچی کے نام سے نئی فضائی کمپنی کراچی کی تاجر برادری کی جانب سے متعارف کرائی جا رہی ہے۔ نئی ایئر لائن کے نام ایئر کراچی کو ایس ای سی پی نے بھی رجسٹرڈ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری: بلیو ورلڈ سٹی کی 10ارب روپے کی بولی مسترد
ایف پی سی سی آئی کے سابق سینیئر نائب صدرحنیف گوہر نے میڈیا ٹاک میں بتایا کہ ایئر کراچی کے لائسنس کے لیے وفاقی حکومت کو درخواست ارسال کردی گئی ہے۔ ایئر کراچی کے لیے پہلے مرحلے میں 3 طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر کراچی میں سی او کے منصب پر ایئر وائس مارشل سید عمران ماجد علی کو مقرر کیا گیا ہے جب کہ عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر ایئر کراچی کے شیئر ہولڈرز ہیں۔
مزید پڑھیے: پی آئی اے کو نئے سی ای او کی تلاش، درخواستیں طلب
حنیف گوہر نے بتایا کہ بشیر جان محمد ، خالد تواب، زبیر طفیل ،حمزہ تابانی بھی ایئر کراچی کے شیئر ہولڈرز ہیں۔ نئی فضائی کمپنی کا لائسنس چند دنوں میں حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ ایئر کراچی 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے شروع کی جارہی ہے جس میں فی شیئر ہولڈر کا حصہ 5 کروڑ روپے ہے۔